آج کی تاریخ

ویمن یونیورسٹی ملتان: “قوم” کی خبر پر ہلچل، وی سی کے جعلی تجربے کی رپورٹ طلب

ملتان (سٹاف رپورٹر) ویمن یونیورسٹی ملتان کی قائم مقام و عارضی وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کے تجربے کی قابلیت کے حوالے سے روزنامہ قوم میں شائع ہونے والی خبر پر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق سرکاری طور پر یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹر کلثوم پراچہ کے نجی یونیورسٹی کے تجربے کے حوالے سے روزنامہ قوم کی خبر کی مصدقہ تفصیلات فراہم کی جا ئیں اور اس سلسلے میں سرکاری قوانین اور قواعد و ضوابط کیا کہتے ہیں ان کا بھی جائزہ لیا جائے۔ یاد رہے کہ روزنامہ قوم نے گزشتہ روز یعنی 26 ستمبر کو اپنی خبر میں ایک تقابلی جائزہ پیش کیا تھا کہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب ایک طرف تو نجی تعلیمی ادارے کا جعلی تجربہ رکھنے پر گجرات یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر مشاہد انور کو نہ صرف نوکری سے فارغ کرتاہے بلکہ انہیں ہرجانہ بھی ادا کرنا پڑا اور کم و بیش اسی قسم کا تجربہ ڈاکٹر کلثوم پراچہ کے پاس بھی ہے جو گزشتہ دو سال سے ویمن یونیورسٹی ملتان کی عارضی وائس چانسلر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ دوسری طرف روزنامہ قوم نے ڈاکٹر کلثوم پراچہ کے جعلی تجربے کا سرٹیفکیٹ اور پنجاب انفارمیشن کمیشن کے ذریعے بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے الحاق شدہ پرائیویٹ کالج میمونہ پوسٹ گریجویٹ کالج کی تفصیلات جس میں کلثوم سعید نامی خاتون کا تجربہ صرف 2007 سے 2013 تک تصدیق شدہ ہےوہ باضابطہ طور پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری زاہدہ اظہر اور خواتین یونیورسٹی ملتان کی متعلقہ ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر صائمہ انور دھمیال کو فراہم کی جا چکی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں