آج کی تاریخ

محرم میں بھی میپکو کو رحم نہ آیا، شہراولیا میں بدترین بجلی بندش جاری

ملتان ( نامہ نگار خصوصی ) میپکو اتھارٹی کی جانب سے محرم الحرام کے ایام میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا دعویٰ سچ ثابت نہ ہوسکا۔ شدید گرمی میں میپکو حسن پروانہ سب ڈویژن، ممتازآباد سب ڈویژن سمیت شہر کے مختلف سب ڈویژنوں کے درجنوں فیڈرز سے بجلی کی طویل بندش سے شہری گھریلو اور کمرشل صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔میپکو حسن پروانہ، بوہڑ گیٹ، سدوحسام، چوک شہیداں سمیت متعدد علاقوں میں پانچ سے چھ گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ بجلی کی بندش سے شہریوں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گھروں میں بزرگوں اور بچوں کا گرمی سے برا حال ہوگیا جبکہ شہر کے کاروباری مراکز میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئیں جس پر تاجر برادری نے شدید احتجاج کیا۔ انجمن تاجران حسن پروانہ کے صدر اشفاق قریشی ودیگر رہنمائوں نے میپکو اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور منظور شدہ لوڈ سے زائد لوڈ استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ شدید گرمی میں بجلی بندش سے ہونے والی ذہنی اذیت سے بچا جاسکے۔ دریں اثنا میپکو ترجمان کے مطابق حسن پروانہ اور بوہڑ گیٹ فیڈرز کا لوڈ شفٹ کرنے کی وجہ سے بجلی تین سے چار گھنٹوں کے لیے بند کرنا پڑی محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں: ملتان: ایک ہفتے میں دوسرا حادثہ، میپکولائن مین کرنٹ سے جاں بحق

شیئر کریں

:مزید خبریں