گوگل ایئر اِن سرچ 2025: پاکستانی صارفین کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات سامنے آ گئیں

کراچی: گوگل کی سالانہ رپورٹ ’ایئر اِن سرچ 2025‘ کے مطابق رواں سال پاکستانی انٹرنیٹ صارفین نے کھیل، سیاست، شوبز اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور رجحانات میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مختلف کیٹیگریز میں سرچ کیے جانے والے ناموں نے عوامی رجحانات کی واضح تصویر پیش کی ہے۔
گوگل ٹرینڈز 2025 کے مطابق ایتھلیٹس کی کیٹیگری میں پاکستانی صارفین کی جانب سے بھارتی کرکٹر ابھشیک شرما کو سب سے زیادہ تلاش کیا گیا، جو اس سال کی ایک نمایاں اور دلچسپ حقیقت کے طور پر سامنے آیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ شائقین نے مقامی کھلاڑیوں میں بھی بھرپور دلچسپی دکھائی۔ اس فہرست میں حسن نواز، عرفان خان نیازی، صاحبزادہ فرحان، محمد عباس اور صائم ایوب کے نام نمایاں رہے، جنہیں سال بھر بڑی تعداد میں سرچ کیا گیا۔
سیاسی اور سماجی شخصیات کے حوالے سے وکی پیڈیا ڈیٹا پر مبنی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2025 کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستانی صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت رہے۔ ان کے بعد سابق قومی فاسٹ بولر شعیب اختر اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم سرچ لسٹ میں نمایاں مقام پر رہے۔
شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بھی پاکستانی صارفین کی دلچسپی برقرار رہی۔ گوگل رپورٹ کے مطابق اداکارائیں ماہرہ خان، اقرا عزیز اور ہانیہ عامر سال 2025 میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ مقبول رہیں۔
اس کے علاوہ اداکار فہد مصطفیٰ، وہاج علی اور دانش تیمور بھی سرچ ٹرینڈز میں شامل رہے، جبکہ دانش تیمور خاص طور پر ڈرامہ سیریل ’شیر‘ میں اپنی اداکاری کے باعث زیادہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں