آج کی تاریخ

زبردستی کی شادی کا انجام، دلہن نے دوست کے ساتھ مل کر شوہر کی جان لے لی

اترپردیش کے ضلع اورایا میں 22 سالہ خاتون نے شادی کے دو ہفتے بعد اپنے شوہر کو قتل کروا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمہ پرگتی یادو اور انوراگ یادو چار سال سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے، مگر خاندان کی مخالفت کے باعث ان کی شادی نہ ہو سکی۔ 5 مارچ کو پرگتی کی زبردستی دلیپ نامی شخص سے شادی کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق 19 مارچ کو دلیپ کو کھیتوں میں شدید زخمی حالت میں پایا گیا، جہاں فائرنگ کے زخموں کی وجہ سے وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ مقتول کے بھائی کی شکایت پر تحقیقات شروع کی گئیں، جس میں انکشاف ہوا کہ پرگتی نے شوہر کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا اور اجرتی قاتل راماجی چوہدری کو قتل کے لیے 2 لاکھ روپے دیے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں