آج کی تاریخ

خونی رشتے یا قاتلانہ جنون؟ ماں کا قتل، باپ پر گولیاں، بھائی کے ہاتھوں بھائی ہلاک

ملک کے مختلف علاقوں میں خونی رشتوں کے درمیان خوفناک جھگڑے اور قتل کے واقعات پیش آئے۔ ساہیوال میں 17 سالہ نوجوان ارسلان نے غیرت کے نام پر اپنی والدہ کا تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا اور مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی گئی۔
سرگودھا کے علاقے شاہ پور میں بیٹے نے باپ پر 8 گولیاں چلا کر شدید زخمی کردیا۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا جبکہ زخمی باپ کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی آئی خان کے علاقے پنیالہ سید آباد میں بھائی نے بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ واقعہ گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا، مقتول کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔
قصور کے علاقے راجہ جنگ میں گھریلو لڑائی کے دوران لاہور کا رہائشی محمد نوید، جو اپنی سسرال آیا ہوا تھا، جھگڑے کے بعد خود پر چھری چلا کر خودکشی کی کوشش کی۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا۔
اپر دیر کے علاقے قشقارے میں جائیداد کے تنازع پر چچازاد بھائیوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں