آج کی تاریخ

فیس بک پر دوستی، کراچی کی لڑکی کا میاں چنوں میں ہولناک قتل

میاں چنوں میں 11 مارچ کو تھانہ سٹی کی حدود 126 پندرہ ایل احاطہ نمبر تین میں ایک اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ کھیتوں میں ایک جواں سالہ لڑکی کی تشدد زدہ لاش پڑی ہوئی ہے۔ نامعلوم مقتولہ کی شناخت نہ ہونے کے باعث یہ کیس پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا۔
ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھاڑک نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر ڈی ایس پی محمد سلیم رتھ اور ایس ایچ او ارسلان امجد کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی ارسلان امجد نے اپنی مہارت اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب انسپکٹر راؤ شاہد، سی آئی اے انچارج شاہد گجر اور سکیورٹی انچارج رفیق دلو کے ہمراہ تحقیقات کا آغاز کیا۔
پولیس ٹیم نے شب و روز محنت کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 12 گھنٹے کے اندر ہی ملزم کو ٹریس کر لیا اور اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کراچی کی رہائشی تھی، جس کی دوستی کئی ماہ قبل فیس بک پر ملزم محمود سے ہوئی تھی۔
ملزم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں اعتراف کیا کہ وہ مقتولہ سے محبت کرتا تھا اور اسے ملنے کے لیے کراچی سے میاں چنوں بلایا۔ تاہم، کسی نامعلوم وجہ پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد ملزم نے مقتولہ کو قتل کر دیا اور لاش کھیتوں میں پھینک دی۔
پولیس نے ملزم محمود کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ مقتولہ کے ورثاء کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے، اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی پی او خانیوال نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اندھے قتل کیس کو برق رفتاری سے حل کرنا پولیس کے عزم و حوصلے کا مظہر ہے۔
شہریوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مقتولہ کے خاندان کو جلد انصاف ملے گا اور مجرم کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا

شیئر کریں

:مزید خبریں