بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شبمن گل نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیت کا دارومدار اس پر ہوگا کہ کون سی ٹیم دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالتی ہے۔ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے شبمن گل نے کہا کہ بھارتی ٹیم پہلے ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا سامنا کر چکی ہے، لیکن اس بار کھلاڑی مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہیں کہ ٹورنامنٹ اپنے نام کریں گے۔ ان کے مطابق ٹیم کا ماحول مثبت ہے، اور تمام کھلاڑی کامیابی کے لیے پرجوش ہیں۔ شبمن گل کا کہنا تھا کہ دباؤ کا انکار آسان ہے، لیکن حقیقت یہی ہے کہ بڑے میچز میں ہر کھلاڑی دباؤ محسوس کرتا ہے۔ تجربہ کار کرکٹرز ہی بہتر طور پر اس دباؤ کا سامنا کر سکتے ہیں اور میچ کی صورت حال کے مطابق اپنی کارکردگی دکھاتے ہیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ آسٹریلیا کی بولنگ اتنی خطرناک نہیں تھی، لیکن سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم دباؤ میں آ کر وکٹیں گنوا بیٹھی۔ شبمن گل نے بھارتی بیٹنگ لائن اپ کو دنیا کی بہترین بیٹنگ لائن قرار دیا اور کہا کہ ان کی کوشش ہمیشہ یہی ہوتی ہے کہ کھیل کی صورت حال کے مطابق شاٹس کھیلیں اور ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کریں۔
