آج کی تاریخ

بہاولپوریو! بازاری پلائو سے بچو، لاہوریوں کا ریکارڈ توڑنا ہے؟ سوشل میڈیا پر تبصرے

بہاولپور (کرائم سیل) بیف پلاؤ اور ہوٹلوں پر مضر صحت بدبودار گوشت سپلائی کرتے ہوئے جلال پور پیر والا کے رہائشی سہیل کے پکڑے جانے کے بعد گوشت تلف کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے بہاولپور کےشہریوں کو بازاری پلاؤ اور ہوٹلوں سے گوشت کھانے سے منع کرنے کے مشورے دینا شروع کر دیئے اور روزنامہ قوم ملتان کو منظم طریقے سے بڑے پیمانے پر مضر صحت گوشت کی سپلائی کرنے والے عناصر کی نشاندہی پر خوب سراہا گیا ۔بہاولپور کے مشہور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ وسیم اقبال کی پوسٹ پر صارف محمد اسلم نے لکھا کہ میں بھی کچھ دنوں سے یہ سوچ رہا تھا کہ اس مسئلے کو اجاگر کرنا چاہیے کہ بہاولپور شہر میں اچانک مختلف جگہوں پر ناغے کے دن یہ دیگی پلاؤ کیسے سیل ہو رہا ہے مگر اس ویڈیو نے سارا پردہ فاش کر دیا ہے۔ لودھراں روڈ، حاصل پور روڈ خرم پٹرول پمپ بس اسٹینڈ پر مختلف جگہوں پر یہ پلاؤ کے پوائنٹ قائم ہیں۔ عمر محبوب نے لکھا کہ لگتا ہے کہ بہاولپوریوں نے لاہوریوں کا ریکارڈ توڑنا ہے۔ صلاح الدین حسن پیرزادہ نے کہا کہ مضر صحت گوشت بیچنا استغفراللہ انتہائی شرمناک حرکت ہے۔ اواب الرحمان نے محکمہ فوڈ اٹھاتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرے ہوئے جانور کو جلانے کی ضرورت نہیں تھی یہ ایک غیر قانونی فعل ہے۔ دانش رضوی نے بیف پلاؤ کی دکانوں کو پوائنٹ آؤٹ کیا جبکہ کاشف سنگرا نے کہا کہ جو جانور علاج معالجے سے صحیح نہ ہوں مرنے والا ہو فوری قصاب آکر پانچ سے 10 ہزار مالک کو دے کر اسے ذبح کر لیتا ہے، ہوٹلوں اور بیف کی دکانوں پر سستے داموں فروخت کر دیا جاتا ہے اسی طرح صارفین نے لودھراں کہروڑ پکا،یزمان احمد پور شرقیہ کے شہریوں کو بازاری بیف پلاؤ اور ہوٹلوں سے گوشت کھانے والوں کو سختی سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے روزنامہ قوم کی بیف پلاؤ ہوٹلوں پر مضر صحت بدبودار گوشت سپلائی کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔بیف پلاؤ کی دوکانوں کی تازہ صورت حال کے مطابق کئی پوائنٹس اپنے ٹینٹ قناتیں کرسیاں میز اور پلاؤ کی “دیگیں” اٹھا کر غائب ہوگئے ہیں کہ کہیں پکڑے نہ جائیں اور مضر صحت گوشت شہریوں کو کھلانے والے عناصر کی سرپرستی کرنے والے مختلف محکموں کے ملازمین نے گوشت کی سپلائی روکنے کا کہا ہے کہ یہ نہ ہو کہ کوئی ادارہ چھاپہ مارے اور سب کچھ پکڑا جائے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں