آج کی تاریخ

کوٹ چھٹہ میں بھی گیس ٹینکر دھماکے سے تباہی ،ہر طرف آگ ،ایک شخص جاں بحق ،کئی زخمی

کوٹ چھٹہ:ایل پی جی بائوزرٹینکر میں آگ لگنے کے بعد مکین جان بچانے کیلئے بھاگتے ہوئے،جاں بحق شخص،ڈپٹی کمشنر عثمان خالد امدادی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے

کوٹ چھٹہ،ڈیرہ غازی خان ( خبرنگار) کوٹ چھٹہ میں بھی گیس ٹینکردھماکےسےتباہی ،ہرطرف آگ ہی آگ پھیل گئی،ایک شخص جاں بحق،کئی زخمی ہوگئے۔تفصیل کےمطابق کوٹ چھٹہ میںانڈس ہائی وے پر شنواری فلنگ سٹیشن پرایل پی جی بائوزرٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔تین دیگر کیپسول ٹرالر جو قریب موجود تھے کو بھی آگ نے لپیٹ میں لے لیا، ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی۔قریبی ریسکیو سٹیشن سے فوری طور پر ایک فائر وہیکل، ایک موٹر بائیک ایمبولینس اور ایک ریسکیو ایمبولینس روانہ کی گئی۔ڈی جی خان کے دیگر سٹیشنز سے 4 فائر وہیکلز، ایک ریسکیو وہیکل اور جام پور، ضلع راجن پور سے اضافی فائر وہیکل طلب کرلی گئی۔ڈی سی کنٹرول روم اور پولیس کنٹرول روم کو بھی فوری اطلاع دی گئی۔پمپ اور ہوٹل کے تمام عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔سٹارویشن اور کولنگ کے پراسیس سے آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔افسوسناک طور پر ایک 60 سالہ شخص دھماکے کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گیا۔فائر فائٹنگ کے دوران چند ریسکیورز کے معمولی زخمی ہو نے کی اطلاعات بھی ہیں۔ڈی جی خان کے دیگر سٹیشنز سے 6 فائر وہیکلز، 2 ریسکیو وہیکلز اور اضافی عملہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈیرہ غازیخان کی نگرانی میں امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔ادھرکمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے نوتک مہمید کے نزدیک گیس بائوزر میں آتشزدگی پرٹیچنگ ہسپتال،ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ چھٹہ اور دیگر نزدیکی مراکز صحت میں عملہ کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے۔گیس سے بھرے کیپسول ٹرالر نے دیگر ٹرالوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا،ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے بروقت امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں