آج کی تاریخ

رحمہ سنٹر کے بے رحم بھائی جوئے کے دھندے میں بھی ملوث ،نوجوان ٹارکٹ ، پولیس سہولتکار

ملتان ( ایڈیٹر رپورٹنگ) رحمہ سنٹر کے دو بھائیوں کے سودی کاروبار کے علاوہ جوئے کا غیر قانونی دھندہ چلانے کے بارے بھی مزید انکشافات ہوئے ہیں نوجوانوں کے ساتھ بعض پولیس والے بھی ان کے ذریعے جوا کھیلتے ہیں ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ رحمہ سنٹر میں مائی کون موبائل کے کاؤنٹر پر موبائل فون اقساط کی آڑ میں سودی کاروبار کرنے والے مہر عدیل اور اس کا بھائی مہر نبیل غیر قانونی طور پر بیٹ پرو ایکسچینج کے ذریعے جوئے کا دھندہ بھی کرتے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ بیٹ پرو ایکسچینج ایک غیر قانونی سافٹ ویئر ہے اور اس پر دنیا کی تمام کھیلوں پر جوا ہوتا ہے ۔ مہر عدیل کی سرپرستی میں اس کا بھائی نبیل نوجوانوں کو اس دھندے پر لگاتا ہے اور ان کو پھنسا کر سود در سود پیسے وصول کرتے ہیں ،معلوم ہوا ہے کہ حسن عرف سنی نامی نوجوان بھی اس معاملے میں ان کا شکار بن چکا ہے، نوجوان کو جوئے پر لگا کر اسے رقم دی جاتی رہی اور چیک لیکر اس سے مختلف اوقات میں 7 سے 8 لاکھ روپے وصول کرلئے گئے، اس کے باوجود بھی اس سے چیک کے ذریعے بلیک میل کرکے مزید پیسوں کا تقاضا کیا جارہا ہے ،جب نوجوان کے گھر والوں کو اس بارے معلوم ہوا تو انہوں نے اسے گھر سے نکال دیا اس کے باوجود نبیل کی جانب سے اسے دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں ، روزنامہ ” قوم” کو اس حوالے سے نبیل اور متاثرہ نوجوان کی آڈیوز بھی موصول ہوئی ہیں جن میں متاثرہ نوجوان نبیل کو سات سے آٹھ لاکھ روپے سود پر اٹھا کر دینے اور جوئے میں رقم ہارنے کی بات کررہا ہے ۔ متاثرہ نوجوان یہ بھی کہتا ہے کہ وہ نبیل کی دھمکیوں کی وجہ سے ذہنی اذیت کا شکار ہے اگر اسے کچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار نبیل ہوگا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سودی کاروبار اور جوئے کے دھندے میں ملوث ان بھائیوں کو پولیس کی سہولت کاری حاصل ہے جس کی وجہ سے وہ کھل کر کھیل رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں