آج کی تاریخ

یونان کشتی حادثہ: پاکستانی سفارت خانے کی رپورٹ حکومت کو موصول

یونان کشتی حادثہ: پاکستانی سفارت خانے کی رپورٹ حکومت کو موصول

ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے نے یونان کی سمندری حدود میں تارکین وطن کی کشتی حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ حکومت پاکستان کو بھجوا دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، یونان کی سمندری حدود میں تین کشتیوں کو حادثہ پیش آیا، جو لیبیا کے علاقے تبروک سے روانہ ہوئی تھیں۔

پہلی کشتی میں 45 افراد سوار تھے، جن میں 6 پاکستانی شامل تھے۔ تمام افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
دوسری کشتی میں 47 افراد سوار تھے، جن میں 5 پاکستانی شامل تھے۔ ان تمام افراد کو بھی ریسکیو کر لیا گیا۔
تیسری کشتی میں 83 افراد سوار تھے، جن میں 76 پاکستانی، 3 بنگلا دیشی، 2 مصری اور 2 سوڈانی شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق 39 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں 36 پاکستانی شامل ہیں، جب کہ کشتی کا سوڈانی ڈرائیور بھی بچ گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تیسری کشتی کے 39 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن میں 35 پاکستانی شامل ہیں۔ مزید یہ کہ کشتی سے 5 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، جو پاکستانی ہیں۔ ان کا تعلق سیالکوٹ، گجرات اور منڈی بہاؤالدین سے ہے۔ شناخت ہونے والے افراد میں سفیان، رحمان علی، حاجی احمد اور عابد شامل ہیں، جب کہ ایک لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

پاکستانی سفارت خانے نے حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مزید تحقیقات اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے یونانی حکام سے رابطے جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں