’’قوم‘‘ کی خبر پر ایکشن ، بچوں کے والدین کیساتھ متکبرانہ اور ہتک آمیز رویے سے پیش آنے والی پرنسپل عالیہ بھٹی عہدے سے فارغ
درخواست واپس لینےکیلئے شہری اظہرشیخ سے ڈیل ناکام ،سی ای او ایجوکیشن آفس کی کیس دوبارہ ڈپٹی کمشنر کو بھیجنے کی تیاری ، بڑی کارروائی کا امکان
ملتان ( جاوید اقبال عنبر سے) روزنامہ ’’قوم‘‘ کی خبر پر ایکشن ، دی سٹی سکول میں تین ماہ کی یکمشت فیسوں و ناجائز پیسوں کی وصولی میں ملوث اور بچوں کے والدین کیساتھ متکبرانہ اور ہتک آمیز رویے سے پیش آنے والی ملکہ عالیہ کا راج ختم ہوگیا، شہری کی درخواست پر سکول انتظامیہ نے پرنسپل عالیہ بھٹی کو عہدے سے فارغ کردیا ، درخواست واپس لینے کے لیے شہری سے ڈیل کی کوششیں بھی ناکام ہوگئیں ۔سی ای او ایجوکیشن آفس نے کیس دوبارہ ڈپٹی کمشنر کو بھیجنے کی تیاری کرلی ، سکول انتظامیہ کے خلاف جلد بڑی کارروائی کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سٹی سکول نیٹ میں زیر تعلیم ایک طالب علم کے والد محمد اظہر شیخ نے مئی 2024 میں سی ای او ایجوکیشن ملتان کو درخواست دی تھی کہ ان کا بیٹا محمد جاذب علی ناردن بائی پاس روڈ پرواقع دی سٹی سکول کا طالب علم ہے اور وہ اپنے او لیولز مکمل کررہا ہے ۔ سکول انتظامیہ کے رویوں سے ان کو شدید مسائل کا سامنا ہے جس کا پتہ اس برانچ کی پرنسپل عالیہ بھٹی سے لگایا جاسکتا ہے ، شہری کے مطابق انہوں نے لاہور ہیڈ آفس کو متعدد ای میلز بھیجیں لیکن ان کو کوئی جواب نہ ملا ، ان کا کہنا تھا کہ پرنسپل عالیہ بھٹی کا رویہ متکبرانہ ہے جبکہ سکول نے دو سال سے زائد تک والدین سے ایئر کنڈیشنڈ چارجز ناجائز طور پر وصول کئے جو سکول کے فیس ووچرز میں شامل کیے جاتے ہیں سکول ہم سے تین ماہ کی پیشگی فیس ادا کرنے کو کہہ رہا ہے، پیشگی فیس کے بغیر رول نمبر سلپ جاری نہیں کی جاتی، اس کے علاوہ سکول کی سفارش کردہ دکانوں سے انہیں یونیفارم خریدنے پر مجبور کیا گیا جبکہ فیئر ویل کے نام پر بھی جبری پیسے وصول کیے جاتے ہیں ، شہری محمد اظہر شیخ کا کہنا تھا کہ پرنسپل عالیہ بھٹی نے مجھے والدین اور طلبہ کے لیے سکول کی جانب سے بنائے گئے واٹس ایپ گروپ سے نکال کر مذکورہ مسائل پر میرے اظہار رائے کا حق چھین لیا جبکہ انہوں نے مجھے فیس بک پر سکول کے پیج پر بلاک کر دیا ، انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ پرنسپل و سکول انتظامیہ کے خلاف کاروائی اور انتظامیہ کو بچوں کے والدین پر شدید مالی بوجھ ڈالنے سے روکا جائے۔ مذکورہ کیس سی ای او ایجوکیشن ملتان کی جانب سے ڈی آر اے کی میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کے پاس بھیجا گیا جس پر تمام شواہد سکول انتظامیہ کے خلاف آئے تھے ، ذرائع کے مطابق سی ای او ایجوکیشن نے ڈپٹی کمشنر کو سکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی اور بھاری جرمانے کی سفارش کی تاہم اس کیس کو نظر ثانی کے لیے دوبارہ سی ای او محکمہ تعلیم ملتان کو بھیج دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ سکول انتظامیہ نے کارروائی کے خوف سے از خود ہی پرنسپل عالیہ بھٹی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور درخواست واپس لینے کے لیے شہری کے ساتھ ڈیل کرنے کی بھی کوشش کی لیکن شہری محمد اظہر شیخ نے درخواست واپس لینے سے صاف انکار کردیا ہے اور ڈپٹی کمشنرز ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹی سکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی اور بھاری جرمانہ عائد کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق سی ای او ایجوکیشن آفس سے کیس دوبارہ ڈپٹی کمشنر کو ڈی آر اے کی میٹنگ میں بھیجا جارہا ہے جس کے بعد سکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کا امکان ہے ۔