آج کی تاریخ

ستائیس کروڑ خرچ ،جہانیاں ریلوے انڈر پاس پر ایک اینٹ نہ لگی ، ایف آئی اے پر بھی سیاسی دبائو

ستائیس کروڑ خرچ ،جہانیاں ریلوے انڈر پاس پر ایک اینٹ نہ لگی ، ایف آئی اے پر بھی سیاسی دبائو

ایس ڈی او پاک پی ڈبلیو ڈی اظہر کانجو نے72 کروڑ مالیت کے پراجیکٹ کیلئے44 فیصد کے قریب ادائیگی کردی،ٹھیکیدار نے سائیڈ بزنس میں پیسہ لگادیا

اظہر کانجو نے فرنٹ مین کے ذریعے خود پر واپڈا اور ریلوے کی ملی بھگت کے حکم امتناعی جاری کروا رکھے جس کی وجہ سے کام رکا ہوا ،موقع پرصرف واپڈا کے کھمبے

منصوبہ پر کوئی کام شروع نہ ہوا،محکمہ کی پیمائش کی کتاب میں دھڑا دھڑ کام جاری ، ایف آئی اے ملتان کے افسرسیاسی دباؤ پر بغیر کارروائی کئے واپس آگئے

انڈر پاس کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے 40 کے قریب دیہات کے روزانہ کی بنیاد پر تعلیم کے حصول کیلئے جہانیاں شہر آنے والے ہزاروں طلبہ و طالبات کو پریشانی

ملتان ( سٹاف رپورٹر) جہانیاں ریلوے پھاٹک پر بننے والا انڈر پاس کام شروع ہونے سے پہلے ہی قومی خزانے سے 27 کروڑ روپیہ کھا گیا اور موقع پر نہ تو ایک اینٹ لگی
اور نہ ہی کنکریٹ کا کام شروع ہوا مگر ایم بی جو کہ محکمہ کی پیمائش کی کتاب ہوتی ہے اس میں دھڑا دھڑ کام جاری دکھایا جارہا ہے جبکہ موقع پر کام کی کارکردگی صفر جبکہ ایس ڈی او پاک پی ڈبلیو ڈی سیاسی سرپرستی کے باعث ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کررہے ہیں، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایس ڈی او پاک پی ڈبلیو ڈی اظہر کانجو نے اپنے فرنٹ مین کے ذریعے خود پر واپڈا اور ریلوے کی ملی بھگت کے حکم امتناعی جاری کروا رکھا ہے جس کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے اور موقع پر واپڈا کے کھمبے لگے ہوئے ہیں بتایا گیا ہے کہ ٹھیکیدار کو بھی سیاسی پشت پناہی حاصل ہے بتایا گیا ہے کہ ایس ڈی او نے محکمہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے ریکارڈ کے مطابق تقریباً 27 کروڑ کی ادائیگی ایڈوانس کردی ہے اور کل پراجیکٹ 72 کروڑ کا ہے اس طرح کام شروع ہونے سے پہلے ہی 44 فیصد کے قریب ادائیگی کردی گئی ہے جو موقع پر ثابت نہیں ہوسکتی بتایا گیا ہے کہ ایس ڈی او کی ملی بھگت سے ٹھیکیدار نے سرکاری خزانے سے نکلنے والے کروڑوں روپے اپنے سائیڈ بزنس میں استعمال کررکھے ہیں ۔ ایف آئی اے ملتان کے افسران موقع دیکھنے اور تمام تر فراڈ سے آگاہ ہونے کے باوجود بغیر کارروائی کئے اور بغیر ریکارڈ قبضے میں لئے سیاسی دبائو پر واپس آگئے ۔ ٹھٹھہ صادق آباد روڈ سے 40 کے قریب دیہات کے روزانہ کی بنیاد پر تعلیم کے حصول کیلئے جہانیاں شہر میں آنے والے ہزاروں طلبہ و طالبات اس انڈر پاس کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے علی الصبح گھروں سے نکلتے ہیں اور ریلوے پھاٹک بند ہونے کی وجہ سے دیر تک رکے رہتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں