ٹوکن سسٹم نے رقوم کی ادائیگیوں کے عمل کو مزید مشکل بنا دیا ،سخت گرمی میں خواین کو دھکے
احمد پور سیال (تحصیل رپورٹر) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سہ ماہی قسط کی ادائیگیوں کے سلسلہ میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول میں قائم سنٹر پر بینی فشریز خواتین کو خوار کیا جانے لگا ۔ خواتین امدادی رقوم کے حصول کے لئے دربدر۔ ٹوکن سسٹم نے رقوم کی ادائیگیوں کے عمل کو مزید مشکل بنا دیا ۔ دن میں تارے دکھانے والی گرمی میں خواتین ایک ہفتہ سے سنٹر کے دھکے کھا رہی ہیں لیکن ان کی شنوائی نہیں ہوتی سارا سارا دن خوار ہوکر خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں۔ سنٹر پر خواتین کی بے ہوشی کے واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں۔ سنٹر پر ریٹیلرز نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام آصف گل کی مبینہ ملی بھگت سے ایجنٹ چھوڑے ہوئے ہیں۔ ایسے مربوط طریقہ کار سے کٹوتیاں کی جارہی ہیں کہ سراغ لگانا ناممکن ہے، شفافیت کے دعوے کرنے والے آصف گل کے سنٹر پر بدنظمی وبدانتظامی عروج پر ہے بذات خود سات بجے کا ٹائم دے کر ساڑھے آٹھ کے بعد سنٹر پر آکر ٹوکن تقسیم کرتا ہے وہ بھی منظور نظر میں۔ عیدالاضحیٰ کی آمد آمد ہے لیکن رقوم نہ ملنے پر خواتین پریشان ہیں۔ متعدد ریٹیلرز انگوٹھا پاس نہ ہونے کا بہانہ بنا کر خواتین کو بار بار سنٹر کے چکر لگوا رہے ہیں۔ پورے دن میں ٹرانزیکشن کی شرح بہت کم ہے۔ سنٹر پر پینے کے ٹھنڈے پانی کا بھی بندوبست نہیں ہے اور نہ ہی سائے کا انتظام ہے، شہریوں نے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔