افسروں نےمبینہ طورپر 9 افراد کی لسٹ بنا کر پنجاب حکومت سے 90 لاکھ روپے بٹور لئے
ورثا امداد کے حصول کیلئےچکر لگالگاکرتھک گئے،حکام ابھی رقم آئی نہیں کا کہہ کر ٹالنے لگے
رحیم یارخان(بیورو رپورٹ)آسمانی بجلی گرنے سے 8 افراد کی ہلاکت ضلعی انتظامیہ نے مبینہ طورپر 9 افراد کی لسٹ بنا کر پنجاب حکومت سے 90 لاکھ روپے بٹور لئے،ڈیڑھ
ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد کی رقم نہ مل سکی،ورثا امداد کے حصول کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس کے چکر لگا لگا کر تھک گئے،ابھی رقم آئی نہیں جب آئیگی تو رابطہ کرکے بلا لیں گے کا کہہ کر ٹالنے لگے ۔تفصیل کے مطابق اپریل کے دوسرے ہفتے ضلع رحیم یارخان سمیت پنجاب بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کے دوران اتوار کے شب رات گئے ضلع رحیم یارخان کے مختلف علاقوں میں چک 34 اے لیاقت پور،بستی کھوکھراں،ماڑی اللہ بچایا،موضع ٹھل حسن اور بستی بلہوڑا کے علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے سپنا بی بی،محمد حسن،عبدالحفیظ،کلثوم بی بی،سردار بلوچ ،رفیق احمد،جہانزیب اور فیصل گھروں پر آسمانی بجلی گرنے سے جھلس کر جاں بحق ہو گئے ،ریسکیو 1122 اور محکمہ ہیلتھ کے ریکارڈ کے مطابق ضلع بھر میں 5 مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہو ئے جن میں 8 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آسمانی بجلی سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کی لواحقین کی مالی امداد کیلئے فی کس 10 روپے مالی امداد کرنے کا اعلان کیا تھا اور 90 لاکھ روپے کی رقم ڈپٹی کمشنر آفس کے سرکاری بنک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے کے بعد ڈپٹی کمشنررحیم یارخان کو متعلقہ علاقوں کے وزٹ کرنے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی رقم فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے،ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ڈپٹی کمشنررحیم یارخان خرم پرویز نے نہ تو متاثرہ علاقوں کا کوئی سرکاری دورہ کیا اور نہ ہی پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کی گئی امداد کی رقم جاں بحق افراد کے ورثا کو دی گئی،ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ضلعی انتظامیہ 90 لاکھ روپے کی رقم بنک اکاؤنٹ رکھ کر ہر ماہ اس کا منافع حاصل کررہی ہےاور ضلعی انتظامیہ پنجاب حکومت کو 10 لاکھ روپے کا چونا لگانے کیلئے متاثرین کو دفتروں کے چکر لگوا رہی ہے،جاں بحق افراد کے لواحقین کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ٹی وی پر رقم دینے کا اعلان کر چکی ہے مگر ڈپٹی کمشنرآفس سے ہمیں کوئی امدادی رقم نہیں ملی الٹا سرکاری افسران سارا دن دفتروں میں بیٹھ کر گپیں ہانک کر ہمیں شام کو خالی ہاتھ گھروں کو لوٹا دیتے ہیں،متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ انہیں مالی امداد کی رقم دلوائی جائے اور سرکاری کام میں لیت لعل سے کام لینے والے افسران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔