آج کی تاریخ

معاشی استحکام کی راہ

ملتان ریجن میں سینکڑوں بوگس کمپنیاں،اربوں روپےری فنڈ وصول،گرینڈآپریشن شروع

جعلسازوں نے فرضی ایڈریس اور تمام تر فرضی اندراج کر کے جعلی کمپنیاں بنا رکھی ہیں،محض کمپیوٹر پر ہی اربوں کا بزنس ظاہر،ٹیکس نمبر حاصل کر لیتے تھے،کارروائی پربیشترکمپنیاں غائب

حکومت کے کھاتے میں ایک روپیہ ٹیکس جمع کرائے بغیر الٹا4 فیصد کروڑوں روپے ری فنڈ وصول،جعلی انٹریاں، ٹیکس گزار ہونے کی وجہ سے تمام سہولیات اور مفادات بھی حاصل

ملتان(سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب کے مرکز ملتان میں سالہاسال سے جعلی کمپنیاں بنا کر حکومت پاکستان کو اربوں روپے کا سیلز ٹیکس کی مد میں نقصان پہنچانے والوں کے خلاف پہلی مرتبہ گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ملتان سجاد تسلیم کی طرف سے کمشنر زاہد محمود کی نگرانی میں قائم کی گئی ایکشن کمیٹی نے چند ہی دنوں میں100 سے زائد ایسی بوگس کمپنیوں کا سراغ لگا کر ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ جن کا نہ تو کوئی کاروبار ہے نہ ہی وہ کسی بھی قسم کی پروڈکشن کرتے ہیں۔ ان جعلسازوں نے فرضی ایڈریس اور تمام تر فرضی اندراج کر کے جعلی کمپنیاں بنا رکھی ہیں۔ جو محض کمپیوٹر پر ہی اربوں کا بزنس ظاہر کردیتے ہیں اور ٹیکس نمبر حاصل کر لیتے تھے۔ ان جعلی کمپنیوں کی طرف سے حکومت پاکستان اور ایف بی آر کے کھاتوں میں عملی طور پر ایک روپیہ بھی جمع نہیں ہوتا تھا مگر یہ انہیں جعلی انٹریوں کی بدولت کروڑوں روپیہ ریفنڈ ہرسال لے جاتے تھے۔ چیف کمشنرریجنل ٹیکس آفس ملتان سجاد تسلیم نے مصدقہ معلومات کی روشنی میں کمشنر زاہد محمود کو ذمہ داری سونپی تو چند ہی دنوں میں ملتان ریجن میں100 سے زائد ایسی جعلی کمپنیوں کا انکشاف ہوا جو حکومت کے کھاتے میں ایک روپیہ بھی ٹیکس تو جمع نہ کرواتی الٹا4 فیصد کے حساب سے کروڑوں روپے ری فنڈ کی مد میں لے جاتیں اور پھر اس سے بڑھ کر حکومت کے کھاتے میں ٹیکس گزار ہونے کی وجہ سے تمام سہولیات اور مفادات بھی حاصل کرتے تھے۔ ان جعلسازوں کے خلاف ایکشن کےآغاز ہی میں متعدد کمپنیاں اپنے ریکارڈ غائب کر کے رفوچکر ہو گئیں۔ چیف کمشنر ملتان کی طرف سے قائم کردہ ٹیم اب نقصان کا جائزہ لے رہی ہے تا کہ ان جعلسازوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں