عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے 6 بڑے شہروں میں یکم اپریل سے تاجروں کے اندراج کا آغاز ہوگا۔تاجر دوست اسکیم کے تحت پرچون فروش یکم اپریل سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے تاجر رجسٹریشن کرانا شروع کریں گے اور ان سے یکم جولائی 2024 سے ٹیکس وصولی شروع ہوگی۔ایف بی آر آن لائن مارکیٹ پلیس پلیٹ فارم کو اس اسکیم کے تحت ٹیکس نیٹ میں شامل کرے گی۔ایف بی آر کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم 10 لاکھ پرچون فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لائیں، اس سلسلے میں جاری ہونے والے ایس آر او میں چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے لیے ایک خصوصی طریقہ کار تجویز کیا گیا ہے۔سالانہ ایڈوانس ٹیکس اگر صفر ہو تو ایسے شخص کو سالانہ 1200 روپے ادا کرنا ہوں گے لیکن اگر کسی وجہ سے کسی شخص کی آمدن ٹیکس سے مستثنیٰ ہے تو اس پر یہ لاگو نہیں ہوگا، اگر کوئی شخص اپنا ایڈوانس ٹیکس اکٹھا ادا کر دے یا بیلنس ادا کر دے تو اس کے مجموعی ایڈوانس ٹیکس کو 25 فیصد کم کر دیا جائے گا۔
