وزارت نے 31 جنوری کے بعد بیٹھنے کی اجازت نہ دی تو آپ میرا ساتھ دینگے؟ڈاکٹر کالرو،ہم نواؤںکی ہاتھ اٹھا کر یقین دہانی
ڈاکٹر کالرو 29 یا 30 جنوری کو غیر قانونی سینڈیکیٹ کی میٹنگ میں ایکسٹینشن کی منظوری لیں گے،ساتھ دینے والے قانون کی گرفت میں ہونگے
ملتان (سٹاف رپورٹر) این ایف سی یونیورسٹی ملتان میں سینٹرل لائبریری کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر اختر کالرو نے اپنی 65 سال عمر پوری ہونے سے چھ روز قبل کیا اور اس موقع پر وفاقی وزارت تعلیم کے ارباب اختیار کو خوب لتاڑا اور چنوتی دی۔ تقریب میں رجسٹرار نصر اللہ خان بابر ، ہیڈ آف کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر نعیم اسلم، ہیڈ آف الیکٹریکل ڈاکٹر کامران لیاقت بھٹی ، ہیڈ آف کیمیکل ڈاکٹر صادق حسین، اساتذہ اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر اختر کالرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جون 2023 کا تنخواہوں کا اضافہ مارچ 24 سے کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر اختر کالرو جن کی ملازمت کی عمر 31 جنوری 2024 کو ختم ہو جائے گی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کل وفاقی وزارت تعلیم اسلام آباد جا رہا ہوں۔ اگر وفاقی وزارت تعلیم نے مجھے 31 جنوری کے بعد بیٹھنے کی اجازت نہ دی تو کیا آپ میرا ساتھ دیں گے۔ اس موقع پر ناجائز رجسٹرار نصر اللہ خان بابر ، ہیڈ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر نعیم اسلم، ہیڈ الیکٹریکل ڈاکٹر کامران لیاقت بھٹی ، ہیڈ کیمیکل ڈاکٹر صادق حسین نے ہاتھ اٹھا کر ہر ممکن ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ۔ اپنی غیر قانونی تعیناتی ، غیر قانونی ایکسٹینشن ، غیر قانونی سول ورکس کے بعد غیر قانونی مدت ملازمت کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن مطابق وائس چانسلر کی عمر 65 سال سے آگے بڑھانے کی خواہش اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اب انہوں نے گورنمنٹ آف پاکستان سے تصادم کی پالیسی اپناتے ہوئے کہا کہ ایجوکیشن منسٹری میں بیٹھے بی اے پاس باؤ لوگ مجھے کام نہیں کرنے دے رہے۔ میں اسلام آباد سے آپ لوگوں کو ایک کال دوں گا ۔ آپ سب لوگ میرا ساتھ دیں گے جس پر ان کے مراعات یافتہ چند پروفیسرز اور ان مفادات لینے والے چند ملازمین نے ہاتھ کھڑے کر دئیے۔ مزید معلومات کے مطابق ناجائز وائس چانسلر ڈاکٹر اختر کالرو 29 یا 30 جنوری کو غیر قانونی ممبران پر مشتمل سینڈیکیٹ کی میٹنگ میں اپنی ملازمت کی عمر 65 سال کے بعد مزید ایکسٹینشن کی منظوری لیں گے۔ جو کہ بالکل غیر قانونی ہو گی اور سینڈیکیٹ کے بھی تمام افراد اس غیر قانونی کارروائی کی بابت قانون کی گرفت میں ہوں گے۔