آج کی تاریخ

صوبہ پنجاب میں گندم کے پیداواری مقا بلوں کے لئے درخواستیں مطلوب،کروڑوں کے نقد انعامات

صوبہ پنجاب میں گندم کی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کے مابین صحت مندانہ مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے گندم کے پیداواری مقابلہ2023-24 کا انعقادکیا جا رہا ہے۔جیتنے والے کاشتکاروں کو کروڑوں روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے۔اس ضمن میں 5 یا5ایکڑ سے زیادہ قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مردوخواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہیں۔اس کے علاوہ مشترکہ کھاتہ رکھنے والے زمینداران بھی اہل ہیں نیز مزارعین /ٹھیکیداران بھی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی کی طرف سے تصدیق کرانے کے بعد درخواست دے سکتے ہیں۔پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے گندم کے آبپاش علاقوں کے کاشتکار 5ایکڑ جبکہ بارانی علاقوں کے کاشتکار2 ایکڑ متصل فصل گندم جس میں کوئی بھی منظوروتصدیق شدہ قسم کاشت کی گئی ہو،مقابلہ کے لیے پیش کریں گے۔مقابلہ میں حصہ لینے کے لیے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں جو متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔ فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔مقابلہ جات ضلع اور صوبائی سطح پر منعقد ہوں گے۔اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ان کے فیملی ممبرز اور گریڈ 17اوراوپر کے سرکاری ملازمین درخواست دینے کے اہل نہ ہوں گے جبکہ محکمہ مال، محکمہ زراعت، پنجاب کے تمام ملازمین اس مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہو ں گے۔ان کے علاوہ وہ ترقی پسندکسان جو ضلعی یا ڈویژنل کمیٹی کے ارکان مقرر ہوں گے وہ بھی اس مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہو ں گے۔صوبائی کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہو گا۔مکمل درخواستیں 31 جنوری 2024 ء تک متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں وصول کی جائیں گی۔مزید معلومات ورہنمائی کے لیے کاشتکار بروز سوموار تاجمعہ دفتری اوقات میں زرعی ہیلپ لائن0800-17000 پر کال کرکے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں