مکمل پختہ یا تیار پھل میں مٹھاس کی مقدار 10سے 12 فیصد ہونی چا ہیے،ترجمان
صوبہ میں کاشت کی جانے والی ترشاوہ پھلوں کی اقسام میں کینو کی کاشت سب سے زیادہ ہے۔ تقریباً90 فیصد حصہ صرف کینو کا ہے۔ پنجاب میں کنو کی کاشت تقریباً ہر ضلع میں کی جارہی ہے۔کنو کی پیداوار اور رقبے میں اضافے کے ساتھ برداشت اور بعد از برداشت سنبھال پر توجہ کی اشد ضرورت ہے کیونکہ محض چند بنیادی باتوں کو مد نظر رکھ کر بعد از برداشت ہونے والے پھل کے نقصان کو کم کر کے اس کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے اس لئے کنو کے باغات کی کاشت کو منافع بخش بنانے کے لئے جہاں بہتر پودوں کا انتخاب، مناسب فاصلہ پرلگانا، ان کی غذائی ضروریات کو پورا کرنا، آب پاشی، ضرررساں کیڑوں اور بیماریوں سے تحفظ کے علاوہ دیگر کاشتی امورپر توجہ کی ضرورت ہے۔ وہاں پھل کو مناسب ریٹ پر اور صحیح طریقے سے برداشت کر کے بہتر حالت میں منڈی تک پہنچانا بہت ضروری ہے۔کنو کے پودے کو پھول سے لے کر پختہ یامکمل پھل تیار کرنے کے لئے تقریباً 300 دن کا عرصہ درکار ہوتا ہے مگر عام طور پر پھل کو اس وقت مکمل تیار سمجھا جاتا ہے جب اس کی جلد کا رنگ مکمل طور پر سبز سے پیلا ہو جائے اور اس طرح کنو دیکھنے میں دلکش بھی نظر آنے لگتا ہے۔ جدید تحقیق کے مطابق مکمل پختہ یا تیار پھل میں مٹھاس کی مقدار 10سے 12 فیصد ہونی چا ہیے۔ اگر برداشت سے پہلے فصل میں موجود شوگر کی مقدار کو ریفریکٹو میٹر سے ماپ لیا جائے اور اگر وہ ایک خاص حد تک ہو تو پھل کا ذائقہ بھی اچھا ہوتا ہے اور اسے بعد از برداشت بھی زیادہ دیر تک محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ پھل کو ہاتھ سے توڑنے کی بجائے پھل توڑنے والی قینچی استعمال کی جائے۔پھل توڑنے کے فوراً بعد اسے کسی سایہ دار جگہ یاپیکنگ شیڈ میں منتقل کیا جائے اور پھل منتقل کرتے وقت پھل کواحتیاط سے رکھیں اور زمین پرنہ گرایا جائے تاکہ پھل نقصان سے محفوظ رہیں۔