بہاولپور: پٹواریوں کی غیر قانونی رجسٹری سرگرمیاں، ریونیو قوانین کی خلاف ورزی

بہاولپور( ڈسٹرکٹ رپورٹر) جنوبی پنجاب کی اہم ترین تحصیل بہاولپور سٹی و صدر میں محکمہ مال کے بعض افسران کی مبینہ سرپرستی میں ریونیو قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے، جہاں پٹواری اپنے اصل حلقوں میں فرائض منصبی انجام دینے کے بجائے غیر قانونی طور پر رجسٹری محرر کے طور پر تعینات ہو کر رجسٹریوں کا کام کرنے لگے ہیں، جس سے نہ صرف محکمہ مال کے قواعد و ضوابط پامال ہو رہے ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو (اے ڈی سی آر) بہاولپور کی مبینہ چشم پوشی اور بعض ریونیو افسران کی سرپرستی میں متعدد پٹواریوں کو دفاتر میں بطور رجسٹری محرر بٹھایا گیا ہے، جبکہ قواعد کے مطابق پٹواری کا بنیادی فریضہ اپنے مقررہ حلقے میں اراضی ریکارڈ کی دیکھ بھال اور دیگر ریونیو امور سرانجام دینا ہوتا ہے۔تفصیلات کے مطابق پٹواری نسیم شاہد، جو کہ اس سے قبل حلقہ 14 بی سی میں تعینات تھا، نے مبینہ طور پر اپنی والدہ کی بیماری کا جواز پیش کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے دفتر قانونگوئی میں تعیناتی کے احکامات حاصل کیے۔ تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اصل مقصد ریونیو افسر محمد شہباز پاشا کے پاس بطور غیر سرکاری محرر کام کرنا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ احکامات کے بعد نسیم شاہد کو دفتر قانونگوئی میں بٹھا دیا گیا، جہاں وہ بطور رجسٹری محرر رجسٹریوں کی وصولی اور پراسیسنگ میں مصروف ہو گیا۔ذرائع کے مطابق ریونیو افسر محمد شہباز پاشا، جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کی تعیناتی بھی مبینہ طور پر حکمِ امتناعی کے تحت ہوئی، نے اپنے من پسند افراد کو دفتر میں تعینات کر رکھا ہے۔ کمپیوٹر مہارت رکھنے والے نسیم شاید پٹواری کے ذریعے رجسٹریاں آن لائن نظام میں موصول ہوتے ہی فوری طور پر محمد شہباز پاشاہ کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جاتی ہیں تاکہ تیزی سے منظوری حاصل کر کے زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بہاولپور سٹی اور صدر میں رجسٹریوں کی منظوری کے دوران متعدد معاملات میں کنڈونیشن فیس اور دیگر سرکاری واجبات کی مکمل ادائیگی کے بغیر رجسٹریاں منظور کی جا رہی ہیں، جس کے باعث روزانہ لاکھوں روپے کے ریونیو داخل خزانہ سرکار نہ ہو رہا ہے یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس معاملے سے متعلق میڈیا میں متعدد بار نشاندہی کیے جانے کے باوجود تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری تحقیقات نہ کروائی گئیں تو محکمہ مال میں کرپشن کے رجحانات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ادھر بہاولپور کے ایک شہری کے مطابق وہ اس معاملے کی باقاعدہ تحریری شکایتیں وزیراعلی پنجاب ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور اور ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب سیکرٹری ریونیو کو جمع کروائیں گے، جس میں ریونیو افسر محمد شہباز پاشا سمیت دیگر متعلقہ اہلکاروں کے کردار کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے گا۔شہریوں نے کمشنر بہاولپور، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ مال کے قوانین کے مطابق شفاف انکوائری کروائیں اور اگر بے ضابطگیاں ثابت ہوں تو ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں