آج کی تاریخ

گندم کی کٹائی اور گہائی کے دوران احتیاطیں

کاشتکارگندم کی پچھیتی کاشت کب تک مکمل کریں ،ماہرین زراعت نے بتادیا

گندم کی پچھیتی کاشت ہر صورت 10 دسمبر سے پہلے مکمل کریں اور غیر معمولی تاخیر سے بچنے کے لیے جہاں ضروری ہو خشک بوائی کریں۔اگر ناگزیر وجوہات سے گندم کی پچھیتی کاشت کرنی پڑے تو آبپاش علاقوں کے لیے عروج22، دلکش20، بھکرسٹار، اناج 2017، زنکول 2016، جوہر 2016، بورلاگ2016، اجالا 2016 اور فیصل آباد 2008 اقسام کی کاشت دسمبر کے اوائل تک کی جا سکتی ہے۔ بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈپوؤں یا مستند ڈیلروں سے حاصل کریں۔گندم کی مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بیج کو بوائی سے پہلے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے پھپھوندی کش زہر لگائیں۔گندم کو سست تیلے سے بچانے اور خوردنی تیل کی پیداوار میں اضافہ کے لیے کینولا /سرسوں کی 100 فٹ کے فاصلے پرکم از کم 2لائنیں ایک ایکڑ میں ضرور لگائیں۔آبپاش علاقوں کی کمزور زمین میں دوبوری ڈی اے پی +دو بوری یوریا + ایک بوری ایس اوپی/ ایم او پی اور اوسط زمین میں ڈیڑھ بوری ڈی اے پی+ پونے دو بوری یوریا+ ایک بوری ایس او پی/ ایم او پی فی ایکڑ  استعمال کریں جبکہ زرخیز زمین کے لیے سوابوری ڈی اے پی+ڈیڑھ بوری یوریا+ایک بوری ایس او پی/ ایم او پی فی ایکڑ ڈالیں۔آبپاش علاقوں میں اگر کسی وجہ سے فاسفورسی کھاد بوقت کاشت نہ ڈالی گئی ہو تو پہلے پانی کے ساتھ ڈال دیں۔پچھیتی کاشت کی صورت میں کھاد کی پوری مقدار بوقت کاشت ہی ڈال دیں۔جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے کھیت کے معائنہ کے بعد محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے مناسب وقت پر جڑی بوٹی مار زہروں کا سپرے کریں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں