بہاولپور (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ملتان ڈویژن میں مبینہ کرپشن کا میگا اسکینڈل،سابقہ ڈی ای این ریحان صابر اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کے نقصان کا انکشاف ۔ ضلع کوٹ ادو کے ایک شہری نے 2022-23 کے ترقیاتی ٹینڈر میں سنگین بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا ہے، جس کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق سٹی سب ڈویژن ڈیرہ غازی خان ریلوے اسٹیشن کے لیے ڈی ای این ٹو سابقہ ریحان صابر اور کنسٹرکشن کمپنی کے ٹھیکے دار کو ایک ٹینڈر جاری کیا گیا جس کی ابتدائی مالیت 1 کروڑ 54 لاکھ 95 ہزار 262 روپے تھی۔ بعد ازاں مبینہ طور پر متعلقہ افسران اور الشریف کنسٹرکشن کمپنی کی ملی بھگت سے اس رقم کو بڑھا کر 1 کروڑ 84 لاکھ 15 ہزار 47 روپے کر دیا گیا۔شکایت کے مطابق منصوبے میں مٹی کی کمپیکشن 95 فیصد ہونا ضروری تھی، تاہم مبینہ طور پر مقررہ معیار پر کام نہیں کیا گیا اور ریلوے حدود سے ریت اور بجری ڈال کر رسمی کارروائی مکمل کی گئی۔ بارشوں کے بعد یہ مواد بہہ جانے سے ٹریک دوبارہ خالی ہو گیا۔ اگر اس دوران ٹریک پر ٹرین چل رہی ہوتی تو سنگین جانی و مالی نقصان کا خدشہ تھا۔شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ بعد ازاں محکمہ نے اپنی مدد آپ کے تحت کام مکمل کیا مگر متعلقہ کنسٹرکشن کمپنی یا افسران کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شکایت کنندہ کے مطابق اس معاملے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی موجود ہیں۔۔ جن کے بل سابقہ ڈی ایس احماد مرزا اور ڈی این ریحان صابر اور شریف کنسٹرکشن کی ملی بھگت سے منظور کیے گئےشکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چھوٹے ملازمین کے تبادلوں میں بے ضابطگیاں کی گئیں، بھاری رقوم کے عوض تبادلے اور دوبارہ تعیناتیاں ہوئیں، جبکہ بعض تبادلوں کو کاغذی طور پر ظاہر کر کے چارج تک نہ چھوڑا گیا۔ مبینہ طور پر اس تمام ریکارڈ کا اندراج ریلوے ہیڈکوارٹر ملتان میں موجود ہے۔تاحال متعلقہ افسران یا کمپنی کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔







