اڈیالہ جیل میں عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ مکمل، پی ٹی آئی قیادت غیر حاضر

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا جامع طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا۔ پانچ رکنی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے تقریباً ایک گھنٹے تک تفصیلی چیک اپ کیا جبکہ موبائل میڈیکل لیبارٹری کے ذریعے مختلف ٹیسٹ بھی انجام دیے گئے۔
جیل انتظامیہ کے مطابق مختلف اسپتالوں سے تعلق رکھنے والے ماہر معالجین خصوصی انتظامات کے تحت جیل پہنچے تھے۔ سابق وزیراعظم کی آنکھوں کا خصوصی معائنہ بھی کیا گیا، جس کے لیے ضروری طبی آلات اور ادویات ہمراہ لائی گئی تھیں۔ دو رکنی میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں آنکھوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
سپرنٹنڈنٹ جیل ساجد بیگ نے جاری بیان میں کہا کہ طبی ٹیم کی آمد سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے اور سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی جانب سے تیار کی جانے والی مفصل رپورٹ جلد حکام کے حوالے کر دی جائے گی۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو دعوت دی تھی کہ وہ بانی کے طبی معائنے کے موقع پر موجود رہیں، تاہم حکومتی پیشکش کے باوجود پارٹی کا کوئی بھی رہنما جیل نہیں پہنچا۔ خصوصی میڈیکل ٹیم نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ انتظار کیا، جس کے بعد بانی کی رضامندی سے معائنہ شروع کیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق دو رکنی بورڈ میں ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر امجد شامل تھے، جبکہ دیگر ماہرین میں ڈاکٹر رفاق، ڈاکٹر سکندر، ڈاکٹر عارف اور لیب ٹیکنیشن بھی موجود تھے۔ مجموعی طور پر پانچ رکنی ٹیم نے جدید طبی سہولیات کے ساتھ مکمل معائنہ کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں