جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران کشمیری عوام کے خون اور عزت کو اپنی سیاسی مفادات کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ 5 فروری ظلم کے خلاف جدوجہد، حق کی حمایت اور آزادی کے لیے کشمیری عوام کی تحریک کا دن ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے سوال کیا کہ انصاف کے نام پر قائم اقوامِ متحدہ کب کشمیر کے لیے عملی اقدامات کرے گی؟
مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ جے یو آئی آج بھرپور انداز میں یوم یکجہتی کشمیر منائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں بھارت کا منفی رویہ اور ہٹ دھرمی رکاوٹ ہے، اور عالمی برادری کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے تحفظ میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سات دہائی گزرنے کے باوجود اقوامِ متحدہ نے 1948 اور 1949 کی قراردادوں پر کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا، جبکہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ بدستور جاری ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مظالم پر فوری اور مؤثر کارروائی کرے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کشمیری شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور بھارت کے مظالم انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہیں۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے سوال کیا کہ وہ کب کشمیری عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم پر کھل کر اپنا موقف ظاہر کریں گی۔







