یوم یکجہتی کشمیر: صدر، وزیراعظم اور قیادت کا کشمیری عوام کے ساتھ غیر مشروط یکجہتی کا اعلان

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کشمیری عوام کے ساتھ اپنی بھرپور اور غیر مشروط یکجہتی کا اعادہ کیا اور بھارتی قابض افواج کے مظالم کی شدید مذمت کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور بلا جواز حراستی اقدامات بدستور جاری ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے 1989 میں یوم یکجہتی کشمیر کے انعقاد کا آغاز کیا تھا اور آج دنیا بھر کے پاکستانی اسی جذبے کے ساتھ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صدر نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور بے شمار قربانیاں دے چکے ہیں، جبکہ میڈیا پابندیاں، قیادت کی گرفتاریاں، گھروں کی توڑ پھوڑ اور ڈیجیٹل آزادی پر لگائی گئی قدغنیں حقیقت چھپانے کی دانستہ کوششیں ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ تنازعہ ہے اور سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس خطے کا مستقبل آزادانہ ریفرنڈم کے ذریعے طے ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طاقت کو مضبوط کرنے کی کوشش تھی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ 5 فروری اہلِ پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان لازوال تعلق کی علامت ہے۔ پاکستان ہر حال میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے ساتھ کھڑا ہے اور 5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، لیکن بھارتی مظالم کشمیری عوام کے عزم کو شکست نہیں دے سکے۔ انہوں نے عالمی برادری سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ اپنی مکمل اور غیر مشروط حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت کو مستحکم رکھا جائے گا، تاکہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں