تازہ ترین

شہر اولیا میں سٹریٹ کرائم، ہراسمنٹ کے واقعات تیز، پولیس کی بند کمروں میں کھلی کچہریاں

ملتان(شیخ نعیم سے) شہر کے مختلف علاقوں میں سٹریٹ کرائم، چوری، ڈکیتی اور شہریوں کو ہراساں کیے جانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہےجس کے باعث عوام میں خوف اور بے چینی کی فضا پائی جاتی ہے۔ پولیس کی جانب سے ناکہ بندیوں، موبائل گشت، پکڑ دھکڑ اور مختلف سطحوں پر کھلی کچہریوں کے انعقاد کے باوجود شہری خود کو غیر محفوظ اور بے بس محسوس کر رہے ہیں۔حکومت پنجاب بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی واضح ہدایات کی روشنی میں سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے جرائم کے خاتمے اور متاثرہ شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔ سی پی او ملتان نہ صرف اپنے دفتر میں بلکہ دیگر مقامات پر بھی متعدد کھلی کچہریوں کا انعقاد کر رہے ہیں جہاں شہریوں کے مسائل براہِ راست سنے جا رہے ہیں اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات دیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ان کھلی کچہریوں کے ذریعے کئی شہریوں کو ریلیف بھی ملا ہےتاہم مجموعی طور پر شہر میں جرائم کی صورتحال تاحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بعض تھانوں کی سطح پر حکومتی پالیسی اور اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد نظر نہیں آتا۔ بتایا جاتا ہے کہ چند تھانے سیاسی اور بااثر افراد کی چھاؤں میں چل رہے ہیں جس کے باعث عام شہری کی شکایت مؤثر انداز میں سنی نہیں جاتی۔ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ بعض ایس ایچ اوز اپنی نشستوں کو محفوظ رکھنے کے لیے غیر ضروری دباؤ اور مبینہ تابعداری میں ملوث نظر آتے ہیں جس کا فائدہ جرائم پیشہ عناصر اٹھا رہے ہیں۔ حالانکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے واضح اور دوٹوک احکامات ہیں کہ جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔اسی سلسلے میں سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے لیےڈولفن فورس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔ ڈولفن سکواڈ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ شہر کے حساس اور گنجان علاقوں میں مسلسل پٹرولنگ، فوری رسپانس اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھے۔ ذرائع کے مطابق ڈولفن سکواڈ کی حالیہ کارروائیوں کے دوران مختلف جرائم میں ملوث متعدد اشتہاری اور ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مزید کارروائیاں بھی جاری ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رکھا جائے گا اور شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ڈولفن فورس کی متحرک کارروائیوں کے باعث جہاں جرائم کی روک تھام میں مدد مل رہی ہے، وہیں شہریوں میں پولیس کی موجودگی کا احساس بھی مضبوط ہو رہا ہے۔شہریوں اور باشعور حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اعلیٰ قیادت کی نیت اور احکامات کے مطابق تھانہ سطح تک بلا امتیاز عملدرآمد یقینی بنا دیا جائے گشت کے نظام کو مستقل اور مؤثر بنایا جائے اور کھلی کچہریوں میں سامنے آنے والی شکایات پر عملی کارروائی کی رفتار تیز کی جائے تو نہ صرف جرائم میں نمایاں کمی ممکن ہے بلکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بھی بحال ہو سکتا ہے۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی نگرانی میں جاری اقدامات شہر میں امن و امان کی بہتری کا باعث بنیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں