تازہ ترین

یو ایچ ایس: ویب سائٹ پر کالجز خالی نشستوں کی تعداد واضح شائع کرنیکا حکم

ملتان (سٹاف رپورٹر) حکومتِ پنجاب کے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (میڈیکل ایجوکیشن ونگ) نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں سے متعلق ایک اہم وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن 26 دسمبر 2025 کو جاری کیے گئے سابقہ نوٹیفکیشن کے تسلسل میں صوبائی داخلہ کمیٹی کے 22 جنوری 2026 کو ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) لاہور نجی شعبے کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی پانچویں میرٹ لسٹ کے تحت فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ کے بعداپنی سرکاری ویب سائٹ پر باقی رہ جانے والی خالی نشستوں کی تعداد واضح طور پر جاری کرے گی۔ محکمہ صحت نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جو امیدوار پہلے ہی کسی کالج میں داخلہ حاصل کر چکے ہیں وہ ان خالی نشستوں کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گےجبکہ کسی قسم کی اپ گریڈیشن کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ صرف وہی امیدوار ان خالی نشستوں کے لیے درخواست دے سکیں گے جو یا تو جوائن نہیں کر سکے تھے یا انتظار میں تھے اور جن کا تعلق UHS یا متعلقہ ایڈمٹنگ یونیورسٹی کے اہل امیدواروں کے پول/میرٹ لسٹ سے ہو۔ نان جوائنر سے مراد وہ امیدوار ہے جس کا نام میرٹ یا سلیکشن لسٹ میں آیا لیکن اس نے فیس جمع نہ کروا کر داخلہ حاصل نہیں کیا۔ حکومتِ پنجاب نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو سختی سے پابند کیا ہے کہ وہ UHS لاہور کی جانب سے جاری کردہ پانچویں میرٹ لسٹ میں ظاہر کردہ آخری میرٹ سے کم میرٹ پر کسی امیدوار کو داخلہ نہ دیں۔ تاہم، اس اصول سے واحد استثنا وہ نجی کالج ہوگا جو پانچویں میرٹ لسٹ کے مطابق سب سے کم میرٹ پر بند ہوا ہو۔ مزید برآں، تمام نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی میرٹ اور داخلہ فہرستیں UHS لاہور کو جانچ پڑتال کے لیے ارسال کریں، جبکہ منتخب امیدواروں کے داخلے کی حتمی تصدیق UHS لاہور کی منظوری کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں