تازہ ترین

جعلی دستخط سے 10 ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری، کروڑوں خورد برد، تحقیقات شروع

ملتان (شہزاد خان درانی) میونسپل کارپوریشن کے جعلی دستخط والے کیس کے بعد ضلع کونسل میں بھی جعلی دستخط کا سیکنڈل سامنے آگیا‘ 10سے زائد ہاؤسنگ کالونیوں کی منظوری کے لئے سابق ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور چیف آفیسر اقبال خان‘ اقبال فرید سمیت دیگر افسران کے دستخط و جعلی کاغذات منسلک کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے‘ شہری نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب اور انٹی کرپشن کو تحقیقات کے لئے درخواست دیدی ‘ پنجاب حکومت نے دستخطوں کی تصدیق کیلئے سابق ڈی سی ملتان عامر خٹک سمیت دیگر آفیسران کو مراسلہ ارسال کردیا ۔ درخواست گزار طاہر نوید نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ کونسل ملازمین اور کالونی مالکان نے سابق ادوار میں ملی بھگت کرکے الرشیداور رضا ہاؤسنگ کالونی جعلی دستخط سے منظوری کروا لی ، جس سے محکمہ کو ریونیو کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ‘مبینہ طور پر سابق ڈی سی ملتان عامر خٹک، سابق سی او اقبال خان، اقبال فرید ،رانا محبوب، سابق ڈی او پی چوہدری سلیم، شوکت بزدار سمیت دیگر کے جعلی دستخط کروا کر کالونی مالکان کو پلاٹس کی خریدوفروخت کی اجازت دی گئی‘شہری کی جانب سے شکایت سامنے آنے پر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اس حوالے سے ضلع کونسل ملتان کے ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ خورشید نصیر نے کہا ہے کہ تمام فیسوں کی ادائیگی قانونی کے مطابق کی گئی ہے جبکہ دستخطوں کی تصدیق کیلئے مذکورہ آفیسران کو تین مراسلے ارسال کئے جا چکے ہیں۔ آفیسران کے جواب آنے پر لاہور آفس ارسال کئے جائیں گے۔تاہم روزنامہ ”قوم“کو ایک سابق چیف آفیسر نے بتایا ہے کہ مذکورہ ہاؤسنگ کالونیوں کے حوالے سے فائلز پر کئے گئے ان کے دستخط جعلی ہیں انہوں نے کوئی دستخط نہیں کئے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں