ہیٹر موت بن گیا، مختلف واقعات میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق، 11 جھلس کر زخمی

حاصل پور،دھوڑکوٹ،سرگودھا،راولپنڈی (نمائندہ خصوصی،کرائم رپورٹر) ہیٹر موت بن گیا، مختلف واقعات میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق، 11 جھلس کر زخمی ہوگئے۔تفصیل کےمطابق غریب محلہ حاصل پور میں افسوسناک حادثے کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کمرے میں جلنے والے الیکٹرک ہیٹر کے باعث رضائی کو آگ لگ گئی جس کے بعد کمرے میں شدید دھواں بھر گیا۔ دھویں سے دم گھٹنے کے باعث گھر میں موجود میاں بیوی موقع پر ہی دم توڑ گئے ، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 90 سالہ گاما مائی اور 88 سالہ فلک شیر کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ سردی کی شدت کے باعث پیش آیا، جہاں الیکٹرک ہیٹر کے قریب موجود رضائی آگ کی لپیٹ میں آ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا کمرہ دھویں سے بھر گیا ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو ٹیم نے لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی مکمل کی، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ، علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق میاں بیوی ضعیف العمر تھے اور اکیلے ہی رہائش پذیر تھے۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔علاوہ ازیںخانقاہ شریف بس سٹاپ کے قریب موٹر سائیکل مکینک کی دکان میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں دکان کا مالک شبیر احمد عرف فدو جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ گزشتہ شب تقریباً چار بجے پیش آیا۔ورثاء کے مطابق شبیر احمد حسبِ معمول اپنی دکان میں سو رہا تھا کہ اچانک بجلی کی تاروں میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دکان میں موجود تین موٹر سائیکلیں اور ہوا بھرنے والی ٹینکی بھی آگ کی زد میں آ کر پھٹ گئیں، جس سے ہونے والے زور دار دھماکے کے باعث دکان کی چھت اڑ گئی۔شدید آگ اور دھماکوں کے باعث شبیر احمد عرف فدو بری طرح جھلس گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 اور ریسکیو 1122 کو دی گئی، جس پر پولیس تھانہ سمہ سٹہ اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ریسکیو اور پولیس نے موقع پر ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔مرحوم کے بھتیجے کے بیان کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ دکان میں موجود الیکٹرک ہیٹر ہو سکتا ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔سرگودھا میں محمدی کالونی ہاتھی چوک میں گیس لیکیج سےگھر میں آگ لگنے سے7 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔علاوہ ازیںراولپنڈی تھانہ نصیر آباد کے علاقہ نیازی ٹاؤن میں گھر میں ہیٹر سے آتشزدگی کے باعث 4کمسن بچیاں جھلس کر زخمی ہوگئیں۔پولیس کےمطابق زخمی بچیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی بچیوں میں سکینہ،آیت،تعبیر اور فریحہ شامل ہیں۔پولیس نے کہا کہ بچیوں کی عمر 3سے 7سال کے درمیان ہے، بچیاں گھر میں اکیلی تھیں، شورمچانے پر کمرہ سے نکالا گیا۔پولیس کے مطابق بچیوں کی والدہ ہیٹر جلا کر باہر گئی تھی، اچانک آگ لگ گئی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں