رجسٹری برانچ ملتان: سرکاری لاگ اِن لاکھوں میں نجی مافیا کو نیلام، دونوں تحصیلدار روپوش

ملتان ( سٹاف رپورٹر) رجسٹری برانچ ملتان کرپشن کیس میں دو تحصیلداروں کے سرکاری لاگ اِن پرائیویٹ مافیا کے زیر استعمال رہنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، بتایا گیا ہے کہ ملک جاوید اور مہر شمعون کے سرکاری لاگ اِن لاکھوں روپے رشوت کے عوض پرائیویٹ لوگوں کو بولی کی بنیاد پر بیچے گئے اور پرائیویٹ مافیا کے تینوں گروپوں مبینہ طور پر بولی میں شامل تھے پھر جس گروپ کو کامیاب بولی د ہندہ قرار دیا گیا تھا وہی بیانات قلمبند کروا کرکے رجسٹریاں پاس کرا تاتھا۔ اینٹی کرپشن نے دونوں تحصیلداروں سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے لیکن وہ گرفتاری کے خوف سے روپوش ہوگئے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے گلگشت میں چھاپے کے دوران جو پرائیویٹ شخص علی احسن قریشی کی گرفتاری کی گئی ہے اس سے 16 رجسٹریوں اور لیپ ٹاپ برآمدگی کیس میں تفتیش کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، معلوم ہوا ہے کہ ملزم علی احسن تحصیلدار سٹی ملک جاوید کا سرکاری لاگ ان استعمال کررہا تھا، لیپ ٹاپ کو سرچ کرنے پر معلوم ہوا کہ مزکورہ لاگ ان تحصیلدار ملک جاوید اور مہر شمعون کے تھے، لیپ ٹاپ سے ملک جاوید اور مہر شمعون کے علاوہ تقریباً 6 جی بی کا ڈیٹا بھی برآمد ہوا ہے جس میں سب رجسٹرارز اور تحصیلداروں کی منظور شدہ رجسٹریاں اور زیر فیصلہ رجسٹریوں کا ریکارڈ بھی پایا گیا ہے، یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پرائیویٹ وثیقہ نویس تحصیلدار ملک جاوید کا سرکاری لاگ ان کیسے استعمال کر رہے تھے۔ اس حوالے سے اینٹی کرپشن نے مزید تحقیقات کے لئے ملک جاوید تحصیلدار سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے تاہم ملک جاوید گرفتاری و قانونی گرفت میں آنے کے خوف سے روپوش ہو گئے ہیں ۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزم علی احسن قریشی نے اینٹی کرپشن حکام کے سامنے یہ تسلیم کیا ہے کہ وہ پرائیویٹ مافیا کے ملک واجد رضا کے بھائی ملک احسن رضا کے لئے کام کرتا ہے اور ملک واجد رضا اور ان کے بھائی احسن رضا سمیت 8 بھائی باری باری سرکاری لاگ ان لاکھوں روپے کے عوض خرید کر استعمال کرتے تھے اور رجسٹریاں پاس کرنے کے لئے سرکاری لاگ ان کا غیر قانونی استعمال کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ ملک واجد رضا گروپ بھی کم ویلیو رجسٹریوں، ٹیکسوں میں ہیر پھیر و ریکارڈ میں ردوبدل کرکے کروڑوں روپے کما کر اربوں روپے کی جائیدادیں بنا چکا ہے مگر اپنے اثرورسوخ کے باعث تاحال کھلے عام اپنا دھندہ جاری رکھا ہوا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں