تازہ ترین

رجسٹری برانچ ملتان: ٹیکس ہیر پھیر جاری، سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ کی قیمتی اراضی زرعی ظاہر

ملتان ( سٹاف رپورٹر) کمشنر عامر کریم خاں کے چھاپے اور گرفتاریوں کے باوجود رجسٹری برانچ میں پرائیویٹ مافیا کے ڈان ملک واجد رضا،ان کے بھائیوں اور کارندوں کی جانب سے سرکاری’’ لاگ ان‘‘ پرائیویٹ جگہوں پر غلط استعمال کرکے ٹیکسوں میں ہیر پھیر اور کم مالیتی رجسٹریوں کو پاس کروانے کا دھندہ تاحال جاری ہے ، روزنامہ قوم کو مزید کچھ شواہد موصول ہوئے ہیں جس کی ایک مثال رجسٹری نمبر 112/2026/0000373 موضع درانہ لنگانہ ملتان سٹی بتاریخ فیصلہ پانچ جنوری 2026 ہے جس میں 40 کنال اراضی کو زرعی زمین ظاہر کیا گیا ہے اور اس کی مالیت صرف ایک کروڑ روپے درج کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پراپرٹی کی مارکیٹ ویلیو اور ڈی سی ریٹ 8 کروڑ روپے ہے لیکن تحصیلدار سٹی / سب رجسٹرار ملک جاوید نے رجسٹری کو انتہائی کم مالیت ظاہر کرکے سرکار کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے علاوہ سٹامپ ڈیوٹی ، ایف بی آر اور ٹاؤن ٹیکس کی مد میں بھی تقریباً 40 لاکھ روپے کا غبن کیا گیا ہے ۔ زرعی زمین ظاہر کی جانے والی اس اراضی پر سٹامپ ڈیوٹی محض ایک فیصد ادا کی گئی ہے جبکہ زرعی زمینوں کی رجسٹریوں میں ڈی سی ریٹ کے مطابق سٹامپ ڈیوٹی تین فیصد ادا کرنی ہوتی ہے جوکہ نہیں کی گئی ۔ رجسٹری میں چسپاں کیے گئے دو عدد ایف بی آر کے ٹیکسز میں سے ایک ٹیکس جس کی قیمت ایک لاکھ 62 ہزار ہے اور وہ 5 اگست 2025 کو آر ٹی او کراچی میں ادا کیا گیا اور دوسرا ٹیکس جس کی قیمت 4 لاکھ 86 ہزار ہے وہ بھی 5 اگست 2025 کو آر ٹی او کراچی سندھ میں ادا کیا گیاجن کا پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ریکارڈ میں وجود نہ ہے اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے سسٹم کو ہیک کرکے رجسٹری میں ظاہر کیا گیا ہے جس کی ملک واجد رضا گروپ کو مہارت حاصل ہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ پراپرٹی ملتان سے تعلق رکھنےوالے ایک سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ کی تھی اور انہوں نے رجسٹری میں بیانات دیئے ہوئے ہیں جوکہ واجد رضا گروپ کے بیورو کریسی میں تعلقات کا واضح اشارہ ہیں جس کی نشاہدہی روزنامہ قوم پہلے ہی کر چکا ہے، ذرائع کے مطابق اس رجسٹری کو تیار کروانے میں حاجی احمد وثیقہ نویس ملوث ہے جوکہ کمی واجبات سرکار رجسٹریاں کروانے کے حوالے سے بدنام ہے ۔ رجسٹری کے اندراج میں عبد الحفیظ ولد عبد العزیز کا نام درج ہے جوکہ حاجی احمد کا کمپیوٹر آپریٹر بتایا جاتا ہے ، ان کے تانے بانے بھی ملک واجد رضا اور ان کے بھائیوں ملک احسن رضا گروپ کے ساتھ ملتے ہیں جوکہ مختلف سب رجسٹراروں کے سرکاری لاگ ان کی ملی بھگت سے مختلف پرائیویٹ مقامات پر آپریٹ کرنے میں ملوث ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ عرصہ دراز سے رجسٹری برانچ پر قابض ٹولے کے خلاف ایکشن لے کر سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے ۔

مزید پڑھیں: گلگشت سے پرائیویٹ شخص گرفتار، واجد رضا گروپ کیخلاف گھیرا تنگ

ملتان( سٹاف رپورٹر) رجسٹری برانچ میں کرپشن، ٹیکسوں میں ہیر پھیر اور غبن بارے روزنامہ قوم کی خبروں پر اینٹی کرپشن سمیت دیگر ادارے حرکت میں آگئے، ملک واجد رضا گروپ کے خلاف بھی شکنجہ تیار ، گلگشت میں چھاپہ مار کر ایک پرائیویٹ شخص کو گرفتار کرلیا گیا، 16 عدد رجسٹریاں اور لیپ ٹاپ برآمد ۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم نے سرکل آفسیر علی حسن گیلانی کی قیادت میں گذشتہ روز ایک خفیہ اطلاع پر ناکہ چوک گلگشت میں ایک گھر میں چھاپہ مارا جہاں سے سمیجہ آباد کا رہائشی علی احسن قریشی ولد عتیق احمد قریشی تحصیلدار سٹی ملک جاوید آرائیں کا سرکاری لاگ ان پرائیویٹ جگہ پر آپریٹ کرتے ہوئے پکڑا گیا ۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے ملزم کو حراست میں لیکر موقع سے 16 عدد رجسٹریاں اور لیپ ٹاپ برآمد کرلیا ہے اور ملزم کو سرکل آفس منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق ملزم کو علی حسین کو مقدمہ 1917/25 میں جرم ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا اور ملزم سے رجسٹریاں و لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا گیا ہے،ملزم سے مذید انکشافات کی توقع ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ زیر حراست پرائیویٹ شخص علی احسن قریشی کا تعلق پرائیویٹ مافیا کے ڈان ملک واجد رضا اور ان کے بھائی ملک احسن رضا سے ہے اور وہ ان ہی کی شہہ پر سرکاری لوگن کا غلط استعمال کرتے ہوئے پایا گیا ہے ،تاہم واجد رضا اور ان کے بھائی اپنے اثر رسوخ ، چمک کے کمال اور سیاسی پشت پناہی کے باعث تاحال کسی بھی کارروائی سے محفوظ چلے آرہے ہیں جوکہ ایک سوالیہ نشان ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں