وزیراعلیٰ کی تقریب میں شرکت بھی مہنگی، بہاولپور میں لیڈی ہیلتھ ورکرز سے زبردستی پیسے وصولی

بہاولپور(سپیشل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے عوام کو صحت اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کئے گئے سی ایچ آئی ہیلتھ پروگرام کی لاہور میں افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے کرائے کی مد میں مبینہ طور پر زبردستی، دھونس اور دھمکیوں کے ذریعے لیڈی ہیلتھ ورکرز (LHWs) سے پیسے اکٹھے کرنے کے سنگین انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سی ای او ہیلتھ بہاولپور عامر بشیر کی مبینہ ہدایات پر لیڈی ہیلتھ سپروائزرز (LHSs) کے ذریعے ایل ایچ ڈبلیوز سے فی کس 5 ہزار روپے سفری اخراجات جبکہ 300 روپے گلے میں ڈالے جانے والے کارڈز کی مد میں وصول کیے گئے۔ تفصیل کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ میٹنگ کے دوران واضح دباؤ ڈالا گیا کہ جو ایل ایچ ایس یا ایل ایچ ڈبلیو پیسے اکٹھے نہ کرے گی وہ اپنی نوکری کی خود ذمہ دار ہو گی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں سی ایچ آئی ہیلتھ پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مہمانِ خصوصی تھیں۔ بہاولپور ضلع کی مختلف تحصیلوں سمیت سٹی سے تقریباً 350 کے قریب نئی بھرتی ہونے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو دیگر اضلاع کی طرح اس تقریب میں شرکت کے لیے لاہور لے جایا گیا۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے واضح اور سخت ہدایات تھیں کہ شرکاء سے نہ تو کرایہ وصول کیا جائے گا اور نہ ہی کسی دوسرے اخراجات کی مد میں پیسے لیے جائیں گے۔اس کے باوجود بہاولپور میں ایک مختلف اور انوکھی منطق سامنے آئی جہاں مبینہ طور پر سی ای او ہیلتھ عامر بشیر نے ایل ایچ ایسز کے ذریعے پیسے اکٹھے کرنے کے احکامات جاری کیے اور انکار پر سخت کارروائی کی دھمکیاں دی گئیں۔ اس حوالے سے مختلف گروپس میں ایل ایچ ڈبلیوز سے پیسے وصول کرنے کی آڈیو وائس میسجز بھی میڈیا کو موصول ہو چکی ہیں۔جب اس معاملے پر سی ای او ہیلتھ عامر بشیر سے موقف لیا گیا تو انہوں نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت لاہور جا رہے ہیں اور اس قسم کے کوئی احکامات ان کی جانب سے جاری نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے اپنی سطح پر یہ کارروائی کی ہے تو اس کے وہ ذمہ دار نہیں۔ بعد ازاں جب انہیں پیسے وصولی کے وائس میسجز سنوائے گئے تو ان کا کہنا تھا کہ تصدیق کے بعد معلوم ہوا ہے کہ خواتین نے خود راستے میں کھانے پینے کے لیے پیسے اکٹھے کیے تھے۔دوسری جانب متاثرہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا مؤقف ہے کہ ان سے زبردستی اور دباؤ کے تحت پیسے وصول کیے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ غریب خواتین ہیں اور جب حکومت نے کسی قسم کی وصولی کا حکم نہیں دیا تھا تو پھر ان سے زبردستی پیسے کیوں لیے گئے۔متاثرہ ایل ایچ ڈبلیوز نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ اور سینئر وزیر پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سی ای او ہیلتھ بہاولپور عامر بشیر کی اس مبینہ چیرہ دستی اور بدعنوانی کے خلاف شفاف انکوائری کرائی جائے، ان سے وصول کی گئی رقم واپس دلوائی جائے اور اس معاملے میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں