کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اڈیالہ میں بیٹھے افراد مغرور رویہ اختیار کر چکے ہیں اور ان کے ساتھ مذاکرات معطل کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی کے بعض دوست ترقیاتی عمل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، ایسے افراد سے کسی بھی قسم کے مذاکرات قابل قبول نہیں۔
مزار قائد پر حاضری کے بعد گورنر سندھ نے قائداعظم محمد علی جناح کی قربانی اور عزم کی یاد دلائی اور کہا کہ قائداعظم کی اصولی قیادت کی بدولت پاکستان آج آزادی کے ساتھ سانس لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ سیاسی قیادت اور نوجوان قائداعظم کے اصولوں پر عمل کریں تو ملک کی ترقی یقینی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ سال 2025 پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے یاد رکھا جائے گا، ہم نے عالمی سطح پر اپنے سے کئی زیادہ طاقتور ملک کو شکست دی اور اب معیشت کے میدان میں بھی کامیابی کے لیے تیار ہیں۔ عالمی میڈیا رپورٹ کر رہا ہے کہ پاکستان کامیاب اور بھارت ناکام ہوا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی دوٹوک عسکری حکمت عملی نے پاکستان کی ساکھ اور اعتماد بحال کیا، سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے اور ملک معاشی ترقی کے لیے اہم فیصلے کر رہا ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر دفاعی اور اقتصادی طور پر قابل احترام ملک بن چکا ہے اور حرمین شریفین کے تحفظ کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے افغانستان کے معاملے پر پاکستان کی سخت پالیسی پر زور دیا اور کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف فیصلہ کن موقف اختیار کیا گیا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے خالد مقبول اور ایم کیو ایم کے لیے 20 ارب روپے کا پیکج فراہم کیا ہے اور وہ ان منصوبوں کی کامیابی میں کردار ادا کریں گے۔







