ملتان میں چور، ڈاکو، اغواکار بےقابو، ایک دن میں درجنوں وارداتیں

ملتان (کرائم رپورٹر)ضلع ملتان کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سنگین نوعیت کے جرائم کی درجنوں وارداتیں رپورٹ ہوئیںجن میں خواتین و بچوں کا اغوا، ڈکیتی، چوری، تشدد اور مالی فراڈ شامل ہیں۔ پولیس نے متاثرین کی مدعیت میں مقدمات درج کر کے مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔خواتین پر مشتمل ’’کیری ڈبہ گینگ‘‘ کی دل دہلا دینے والی واردات سامنےآئی ہے۔تھانہ ممتاز آباد کے علاقے حیدر پورہ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں کیری ڈبہ میں سوار نامعلوم ملزمان جن میں تین خواتین بھی شامل تھیں، نے میراں مائی نامی معمر خاتون کو زبردستی اغوا کر لیا۔ ملزمان نے خاتون کے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ لیں، شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں بہاولپور بائی پاس کے قریب چلتی گاڑی سے نیچے پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔تھانہ مظفر آباد کی حدود میں موٹر وے ریسٹ ایریا پر کھڑے ایک کنٹینر سے نامعلوم چور ملٹی نیشنل کمپنی کے 27 لاکھ روپے مالیت کے 280 کارٹن چوری کر کے فرار ہو گئے۔ادھر تھانہ کینٹ پولیس نے پولٹری فیڈ کمپنی کے نمائندے کی مدعیت میں منظور حسین کے خلاف ایک کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا بوگس چیک دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ضلع بھر میں خواتین اور بچوں کے اغوا اور لاپتہ ہونے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔تھانہ سٹی شجاع آباد کےعلاقے میںاصغر نامی شخص کی 25 سالہ اہلیہ شہناز اور اس کا کمسن بیٹا نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغوا ہو گئے۔تھانہ سیتل ماڑی کے علاقےمیں محمد نفیس کی اہلیہ سونیا اپنے دو بچوں لقمان اور سمیہ سمیت لاپتہ ہو گئی جبکہ اسی علاقے سے 30 سالہ شہباز شریف نامی شخص بھی پراسرار طور پر غائب ہے۔تھانہ ڈی ایچ اے میٹرو بس اسٹیشن سے ذہنی طور پر کمزور خاتون شمشاد سفر کے دوران لاپتہ ہو گئی۔تھانہ صدرکے علاقے میںمحمد ریاض کی بیٹی فاطمہ رات گئے گھر سے غائب ہو گئی جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔تھانہ بی زیڈ کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں کار سوار تین افراد نے موٹر سائیکل سوار محمد دائم کو ٹکر مار کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اغوا کرنے کی کوشش کی۔قادر پور راں میں ایک نجی ہسپتال کے رہائشی حصے میں زبردستی داخل ہونے اور سکیورٹی گارڈ کو زخمی کرنے کے الزام میں 13 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بستی ملوک کے قریب نامعلوم ملزمان نے محمد وقاص سے گن پوائنٹ پر نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔جھوٹا مقدمہ درج کرانے والی خاتون خود قانون کی گرفت میںتھانہ الپہ میں ایک غیر معمولی واقعے میں زنا کے مقدمے کی مدعیہ ریحانہ بی بی میڈیکل افسر کے سامنے اپنے بیان سے منحرف ہو گئی۔ پولیس نے حقائق سامنے آنے پر جھوٹا الزام عائد کرنے کے جرم میں خاتون کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔علاوہ ازیںشہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں، بجلی کے میٹر اور سم ڈیوائسز چوری ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ تھانہ گلگشت سے بجلی کا میٹر جبکہ شاہ رکن عالم اور سبزی منڈی سے دو شہریوں کی موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔دوسری جانب تھانہ کپ پولیس نے چوڑی بازار میں شہریوں کو تنگ کرنے والے عبدالرشید نامی بھکاری کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق تمام واقعات کی باقاعدہ ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں