راولپنڈی: اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر سیکیورٹی ڈویژن میں تعینات ایک پولیس اہلکار کی مبینہ بدعنوانی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس حکام نے فوری کارروائی کر دی۔ اہلکار پر الزام ہے کہ وہ صبح کے وقت گاڑیوں کو روک کر ڈرائیوروں سے مبینہ طور پر رشوت طلب کرتا تھا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعظم نامی پولیس کانسٹیبل کو معطل کرنے اور اس کے خلاف چارج شیٹ جاری کرنے کا حکم دیا۔
وائرل ویڈیو میں باوردی اہلکار کو ایک گاڑی روک کر ڈرائیور سے گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر روزانہ کی بنیاد پر پیسے لینے کا تاثر دیتا ہے اور ڈرائیور سے چائے پانی کے نام پر رقم کا مطالبہ کرتا نظر آتا ہے۔
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمانہ وقار کو نقصان پہنچانے والے عناصر پولیس کا حصہ نہیں رہ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور ذمہ داروں کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران اور اہلکار اپنے طرزِ عمل کو درست کریں، کیونکہ پولیس میں کرپشن یا قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔







