بہاولپور(سپیشل رپورٹر ) بہاولپور ماڈل ٹاؤن اے کوثر کالونی میں انتقال کی منظوری کے نام پر سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان بہاولپور کے علاقے ماڈل ٹاؤن اے کوثر کالونی میں منظور ہونے والے انتقال نمبر 15212 مورخہ 19 نومبر 2025، میں مبینہ طور پر سرکاری فیس مکمل طور پر خزانہ سرکار میں جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔منتقل شدہ رقبہ 12,50 مربع فٹ کورڈ ایریا پر مشتمل تھا جس کی رپورٹ بھی ڈگری کا حصہ تھی تاہم ایف بی آر، ٹی ایم اے اور اسٹامپ ڈیوٹی سمیت واجب الادا فیس مکمل اور درست طور پر جمع نہیں کرائی گئی۔ ریونیو افسر حلقہ تحصیلدار وسیم اکرم اور پٹواری ابرار کے مبینہ گٹھ جوڑ سے لاکھوں روپے کی سرکاری فیس ہڑپ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق رجسٹری کرانے کے بجائے پٹواری ابرار نے براہ راست انتقال درج کر دیا اور شیڈول ریٹ سے کم فیس خزانہ سرکار میں جمع کروا کر حکومتِ پاکستان اور حکومتِ پنجاب کو بھاری مالی نقصان پہنچایا گیا اس معاملے پر ایک شہری نے افسران بالا کو تحریری درخواست دے دی، جس میں پٹوار ریکارڈ اور داخل شدہ چالان کی نقول فراہم کرنے کی استدعا کی گئی، تاہم مبینہ طور پر نقول فراہم نہیں کی گئیں۔شہریوں نے کمشنر بہاولپور اور ڈائریکٹر انٹی کرپشن سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔ذمہ دار تحصیلدار وسیم اکرم اور حلقہ پٹواری ابرار کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور لوٹی گئی رقم مکمل طور پر خزانہ سرکار میں جمع کرائی جائے۔ ریونیو افسر نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عدالتی حکم کی تعمیل میں انتقال درج کیا فیسوں کے شیڈول ریٹ کا تعین کرنا حلقہ پٹواری کی ذمہ داری تھی اور یہی تعین اس نے کرنا تھا۔ یہ کام ان کی ذمہ داری میں شامل نہیں ۔ ان کے مطابق اس ضمن میں تمام تر معلومات پٹواری کے پاس موجود ہیں۔







