ملتان(واثق رؤف)واساملتان میں اربوں روپے کی مبینہ بدعنوانی کے معاملات کی انکوائری سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب کے سپرد کردی گئی۔ سال2021ءسےلےکر2025ءتک مختلف ڈسپوزل سٹیشنز، ٹرانسفارمرزخریداری و مرمت، فلٹریشن پلانٹس واٹرسپلائی ٹیوب ویلزاور سیوریج کے اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز میں اور کاموں میں بدعنوانی کے معاملات کی انکوائریاں ایم ڈی اے اور اینٹی کرپشن میں التوا کا شکار چل آرہی تھیں۔روزنامہ قوم کی نشاندہی پرچیف سیکرٹری نے نوٹس لیتے ہوئے سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب وقار عظیم کو لاہور میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انکوائری میں واٹرسپلائی، ڈسپوزل اسٹیشنوں کے قیمتی سکریپ میں ہونے والی کرپشن کےمعاملات بھی شامل ہوں گے۔قبل ازیں مبینہ بدعنوانی کے معاملات پر تحقیقات ڈی جی ایم ڈی اے ملتان کی ہدایت پر کی جارہی تھی جو مسلسل التواء کا شکار تھی۔بتایاجاتا ہےکہ سابق ڈپٹی ڈائریکٹر و ڈائریکٹر انجینئرنگ،عبداسلام،ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس سعید احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ورکس عارف عباس کے خلاف تحقیقات کرنے والے انکوائری افیسران کی جانب سے ایم ڈی واسا خالد رضا کو کرپشن کے معاملے پر تینوں افسران کے خلاف معاونت کی درخواست کی گئی تھی۔لیکن واسا اور ایم ڈی اے کے بعض افسران کی طرف سے بدعنوانی کے معاملات میں انکوائری افسران کو درست ریکارڈ کی فراہمی کی بجائے مبینہ بدعنوانی میں ملوث افسران کو سہولت کاری فراہم کی جارہی تھی جس کی وجہ سے انکوائری کے معاملات سرخ فیتہ کی نظر ہو کر رہ گئے تھے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ واسا انتظامیہ کی جانب سے انکوائری نوٹسز پر کوئی جواب نہ دیا گیا تھا۔تحقیقات میں ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز واٹرسپلائی،سیوریج،ڈسپوزل اسٹیشنز دیگر کو بھی سپیشل سیکرٹری پنجاب نے ریکارڈ سمیت لاہورطلب کرلیاہےبتایاجاتاہےکہ ایڈمن افیسرایم ڈی اے شاکر عباس بزدار،ابوبکر کی جانب سے تینوں افسران کو آخری نوٹس ایک سال قبل بھیجا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ روزنامہ قوم کی خبر پر چیف سیکرٹری پنجاب نےانکوائری میں سست روی کی نشاندہی کانوٹس لیتے ہوئےسپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب وقار عظیم کو انکوائری جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کےمطابق سابق انکوائری افسران کےنوٹسز پر انکوائری کا جواب نہ دینے پر تینوں افسران کو قصوروار ٹھہرانے کا کہا گیاہے،اڑھائی ارب روپے کی جاری چارج شیٹ کومدنظر رکھتے ہوئےافسران مذکورہ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے۔







