ملتان میں نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو اغواء کرنے کی کوشش ناکام

ملتان: ملتان میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ذیشان کو اغواء کرنے کی ایک سنگین کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ وہ خود محفوظ رہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے ان کی رہائش گاہ ملتان ہومز پر دھاوا بولا۔
ذرائع کے مطابق چار گاڑیوں میں سوار تقریباً پندرہ مسلح افراد زبردستی گھر میں داخل ہوئے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ذیشان کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں میں مشکوک سرگرمی دیکھتے ہی وہ بروقت عقبی دروازے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے، جس کے باعث اغواء کی کوشش ناکام ہو گئی۔
محمد ذیشان کے مطابق ملزمان نے گھر میں موجود اہلِ خانہ کو خوفزدہ کیا، دھمکیاں دیں اور ان کی موجودگی کے بارے میں مسلسل پوچھ گچھ کرتے رہے۔ اس دوران اغواء کاروں نے غلط فہمی میں محمد ذیشان کے دوست علی کو ہی اغواء کر لیا، تاہم کچھ فاصلے پر جا کر شناخت واضح ہونے پر اسے چھوڑ دیا گیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے بتایا کہ وہ اپنے ادارے میں ریجنل سطح پر اہم مقدمات کی انکوائری کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور واقعے سے متعلق اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اغواء کی کوشش میں شامل بعض افراد نقاب پوش تھے جبکہ کچھ نے اپنی شناخت ظاہر کر رکھی تھی۔
محمد ذیشان کے مطابق تاحال اغواء کی کوشش کے پس پردہ محرکات اور ملوث افراد کے بارے میں کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سیکیورٹی ادارے مختلف پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں