اسلام آباد: حکومت نے عوام پر مہنگائی کے دباؤ کم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ردوبدل کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد اب مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل فی لیٹر 12 روپے 32 پیسے کم ہو کر 180 روپے 54 پیسے کی سطح پر آ گیا ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 10 روپے 51 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 153 روپے 26 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت برقرار رہے گی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 265 روپے 65 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔
اس اقدام کو عوامی حلقوں نے مہنگائی کے دباؤ میں کمی کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے، اور حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا گیا ہے۔







