علی پورمیں ایک کے بعد ایک جنسی سکینڈل، بچےکی خودکشی کی کوشش

سلطان پور،علی پور،علی والی،خیرپورسادات(نامہ نگار،نمائندہ قوم) علی پور میں ایک کے بعد ایک سامنے آنے والے سکینڈلز کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ ہدایت رضوی، اکرام کمپیوٹر اور آکسفورڈ پبلک سکول کے سکینڈلز کے بعد اب تھانہ سٹی کی حدود میں بلیک میلنگ کا ایک اور انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ دو ملزمان نے اسلحہ کے زور پر 14سالہ بیٹے کی برہنہ ویڈیوز بنا کر اسے بلیک میل کیا اور اس کے والد سے دو لاکھ روپے وصول کر لیے۔ملزمان کاشف بھٹہ اور علی بوسن، بھٹہ چوک کے غلام اصغر میتلاکے کمسن بیٹے اسد عباس کو بہلا پھسلا کر جنگل میں لے گئے، جہاں انہوں نے بچے کی برہنہ ویڈیوز بنائیں۔ ملزمان نے ان ویڈیوز کو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر بچے سے رقم کا مطالبہ کیا۔ ڈر کے مارے متاثرہ بچے نے گھر سے دو لاکھ روپے اٹھا کر ملزمان کے حوالے کر دیئے۔دو لاکھ روپے لینے کے بعد ملزمان نے بچے سے آئی فون کی فرمائش کی۔ جب یہ فرمائش پوری نہ ہو سکی تو ملزمان نے دھمکی کے مطابق بچے کی نازیبا ویڈیوز کو وائرل کر دیا۔ویڈیوز وائرل ہونے پر کمسن بچے نے شدید ذہنی دباؤ اور خوف کے عالم میں خودکشی کی بھی کوشش کی۔تھانہ سٹی پولیس نے بچے کے والد کی مدعیت میں دونوں ملزمان کاشف بھٹہ اور علی بوسن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بلیک میلنگ میں ملوث مرکزی ملزم کاشف بھٹہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسرےملزم کی گرفتاری میں پولیس تھانہ سٹی تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔اس افسوسناک واقعہ نے علی پور میں والدین اور شہریوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں