بہاولپور: سود خور پرنسپل کا ایک اور شکار سامنے آگیا، زمیندار کنگال، قرض پھر بھی باقی

بہاولپور (نمائندہ خصوصی) سمہ سٹہ کے سود خور پرنسپل شیخ ارشد کے مبینہ ظلم و ستم کی ایک اور لرزہ خیز کہانی سامنے آ گئی ہے جس نے نہ صرف ایک خاندان کو معاشی طور پر تباہ کر دیا بلکہ متاثرہ شخص کو زندگی اور موت کی کشمکش میں دھکیل دیا۔ متاثرہ شہری نے بتایا کہ اس نے سود کی ادائیگی کیلئے اپنا قیمتی زرعی رقبہ فروخت کر دیامگر اس کے باوجود سود خور کے مطالبات ختم نہ ہو سکے اور آج وہ شدید مالی بدحالی کا شکار ہے۔متاثرہ شخص موضع واہی گوسائیں کے رہائشی 36 سالہ محمد مظہر کے مطابق سود خور کی جانب سے مسلسل دباؤ، روزانہ کی دھمکیاں اور مقدمات کے خوف نے اس کی ذہنی اور جسمانی صحت کو بری طرح متاثر کیا۔ طویل ذہنی اذیت کے نتیجے میں اس کا جگر تقریباً 70 فیصد تک سکڑ چکا ہے۔ ڈاکٹروں نے جگر کے ٹرانسپلانٹ کی فوری ہدایت کی ہے جبکہ آنتوں اور گردوں کے امراض کا علاج بھی جاری ہے، تاہم مالی وسائل نہ ہونے کے باعث علاج معالجہ ممکن نہیں رہا۔ میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں جن کا مستقبل مجھے تاریک نظر آرہا ہے اور بطور والد میں انتہائی پریشان ہوں ۔انہوں نے بتایا کہ جب سود خور کی جانب سے روزانہ پولیس پرچے کروانے اور جیل بھجوانے کی دھمکیاں دی گئیں تو وہ شدید ذہنی دباؤ میں آ کر خودکشی کی کوشش پر مجبور ہو گیا، تاہم ایک مخلص دوست کہروڑ پکا کے رہائشی رانا ریاض نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے اس کی جان بچائی اور سود خور کو یہ یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ شخص مرحلہ وار رقم ادا کردے گا جس پر سود خور پرنسپل شیخ ارشد نے میری سود کی رقم کے بدلے میرے دوست رانا ریاض سے اسکے ذاتی اکاؤنٹ کے بطور ضمانت چیکس لیے ۔ متاثرہ شہری نے الزام عائد کیا کہ سود خور نہ صرف غیر قانونی سود وصول کر رہا ہے بلکہ معاشرے میں اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے کمزور اور مجبور افراد کو بلیک میل بھی کرتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث اس کا پورا خاندان ذہنی کرب، خوف اور فاقہ کشی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔متاثرہ شخص نے بتایا کہ سود خور نے اپنا ایک لمبا چوڑا سود کا نیٹ ورک بنا رکھا ہے ۔ درجنوں مقروض اسکے ظلم سے تنک آ کر اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کر چکے ہیں اور دوسرے شہروں میں محنت مزدوری کر کے بچوں کا پیٹ پالنے پر مجبور ہیں ۔ سود خور پرنسپل شیخ ارشد نے غنڈہ عناصر پر مشتمل ایک منظم گروہ بنا رکھا ہے جو اکٹھے ہو کر مقروض متاثرین سے بزور بازو وصولی کرتے ہیں ۔ متاثرہ محمد مظہر نے میڈیا کو اپنی بیماری سے متعلق ڈاکٹرز کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور آر پی او بہاولپور سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سود خوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے، اسے تحفظ فراہم کیا جائے اور اس کے علاج معالجہ میں ریاستی سطح پر مدد کی جائے تاکہ ایک اور قیمتی جان ضائع ہونے سے بچ سکے۔شہری و سماجی حلقوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ سود جیسے ناسور کے خاتمے کیلئے سخت قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جو انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قوم نے شیخ ارشد کے ظلم کے شکار پولیو سے معذور شہری حافظ دلشاد کی خبر شائع کی تھی کہ شیخ ارشد نے سود کی مد میں مزید رقم ہتھیانے کے لیے معذور شہری دلشاد کے خالی چیک پر 28 لاکھ روپے لکھ کر پولیس کاروائی شروع کر دی ہے جس پر پولیو معذور حافظ دلشاد نے قوم کے توسط سے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ،ار پی او اور ڈی پی او بہاولپور سے سود خور سے نجات دلانے اور اسکے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ قوم میں خبر شائع ہونے پر شیخ ارشد کے مظالم سے تنگ مزید متاثرین نے بھی قوم سے رابطہ کیا اور شیخ ارشد کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں