ملتان (سپیشل سیل رپورٹ) سابق ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو کی ٹرانسفر کے ساتھ ہی نئے ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے بیک وقت پانچ عہدوں پر کام کرنے والی نائب تحصیلدار مہروش کھوسہ کو فوری طور پر ڈی سی افس خالی کرنے کا حکم دے دیا اور ان سے نائب تحصیل داری کے علاوہ تمام ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں۔ مہروش کھوسہ جو کہ سابق ڈپٹی کمشنر کے دور میں بطور نائب ڈپٹی کمشنر ضلع میں مکمل طور پر ڈپٹی کمشنر کے اختیارات کا کھلے عام استعمال کرتی تھی ۔اب مہروش کھوسہ محض نائب تحصیلدار بن کر رہ گئی ہیں اور ان کے پاس نہ تو پرسنل سیکرٹری ٹو ڈپٹی کمشنر کا عہدہ باقی رہا ہے اور نہ ہی تحصیلدار کا جو اضافی چارج انہیں دیا گیا تھا وہ قائم رہ سکا ہے جبکہ سابق ڈپٹی کمشنر کے دور میں مہروش کھوسہ کا حکم ضلع بھر میں ڈپٹی کمشنر کا حکم مانا جاتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نئے ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے جو کہ ڈی ایم جی آفیسر ہیں ضلع کوٹ ادو کا چارج سنبھالتے ہی آپریشن کلین اپ اور سسٹم کو سٹریم لائن کرنا شروع کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ روزنامہ قوم نے کوٹ ادو میں سابق ڈپٹی کمشنر کے دور میں ہونے والی لاقانونیت اور قواعد و ضوابط کی پامالی کے حوالے سے متعدد تفصیلات شائع کی تھی جس پر حکومت پنجاب نے سپیشل برانچ اور دیگر خفیہ ذرائع سے سابق ڈپٹی کمشنر کے خلاف معلومات حاصل کروائی تو روزنامہ قوم کی طرف سے جو کہ انتظامی معاملات کے حوالے سے اٹھائے گئے تمام تر سوالات اور اعتراضات درست ثابت ہوئے تھے۔







