بہاولپور: قرض نہیں عذاب، سکول پرنسپل کا سودی جال، پولیو معذور بھی نہ بچ سکا

بہاولپور (کرائم سیل) تھانہ سمہ سٹہ کی حدود میں سکول پرنسپل شیخ ارشد نے سود خوری کا ایک ایسا نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے جس نے علاقہ مکینوں کا جینا محال کر دیا ہے اور سود خوری سے کئی متاثرہ افراد علاقہ چھوڑ کر دوسرے شہروں میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ۔ پولیو کے مریض بھی اس کے ظلم سے محفوظ نہیں ہیں ۔ 2012 سے سود خوری کا شکار محنت کش شعبان کے 2016 میں وفات کے بعد اولاد سے تمام تر رقم سود سمیت وصول کرنے کے باوجود مزید رقم اینٹھنے کے لیے مختلف حربے استعمال کرتے ہوئے خوار کرنا شروع کر رکھا ہے۔سود خور کے ظلم نے پولیو کے پیدائشی معذور شخص کی زندگی کو عذاب بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق چک 12 بی سی کے رہائشی متاثرہ شخص دلشاد نے ” قوم ” کو بتایا کہ اس کے والد محمد شعبان نے مجبوری کے تحت سمہ سٹہ پبلک سکول کے پرنسپل شیخ ارشد سے کچھ پیسے بطور قرض لیے اور اس کا سود شیخ ارشد کو جمع کرواتے رہے ۔ 2016 میں میرے والد کی وفات کے بعد شیخ ارشد نے میرے والد کے قرض کے عوض مجھ سے خالی چیک لیا اور میرے والد کا چیک اسٹامپ واپس کر دیا ۔ میں اپنے مرحوم والد کے ذمے لیے گئے قرض کی ادائیگی کے لیے برسوں سے جدوجہد کر رہا تھا مگر سود خور کی بے رحمانہ لوٹ مار نے مجھے معاشی طور پر تباہ کر کے رکھ دیا۔دلشاد کے مطابق اس کے مرحوم والد نے مجبوری کے تحت جو سود پر رقم لی تھی اس کی اصل رقم وہ مکمل طور پر ادا کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ لاکھوں روپے سود کی مد میں بھی سود خور کو دئیے جا چکے ہیں۔ اس کے باوجود سود خور کی جانب سے مسلسل مزید رقم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔متاثرہ نے بتایا کہ وہ پیدائشی طور پر پولیو کا مریض ہے، جسمانی معذوری کے باوجود محنت مزدوری کر کے اپنے گھر کا چولہا جلانے اور والد کے قرض سے جان چھڑانے کی کوشش کرتا رہا، مگر سود خور نے اس کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی جمع پونجی سود کی مد میں ہتھیا لی ہے اور اب میرے خالی چیک پر 28 لاکھ روپے لکھ کر میرے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔دلشاد کا کہنا ہے کہ سود خور نے رقم کی وصولی کے باوجود بدنیتی سے اس کے خلاف مقدمہ درج کروانے کی درخواست دے رکھی ہے اور تھانہ سمہ سٹہ کی پولیس مجھے بار بار پریشان کر رہی ہے جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ، خوف اور معاشی بدحالی کا شکار ہے۔ اس نے بتایا کہ اسے اور اس کے اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔متاثرہ شخص نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور سے پرزور اپیل کی ہے کہ اسے سود خور کے ظلم سے فوری نجات دلائی جائے، جھوٹے مقدمات سے تحفظ فراہم کیا جائے اور ملوث سود خوروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے بھی اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سود خوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ غریب اور مجبور شہریوں کو اس ناسور سے بچایا جائے ۔ رابطہ کرنے پر شیخ ارشد کے نمبر سے جواب موصول نہ ہوا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں