ملتان (کرائم سیل) جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے فرضی پولیس مقابلے میں مارنے کی ماہر سی سی ڈی کو حقیقی پولیس مقابلہ مہنگا پڑ گیا۔ ملزمان بھی پولیس کا گھیراتوڑ کر بھاگ گئے اور سی سی ڈی کےانچارج سمیت4 اہلکاروں کو بھی زخمی کر گئے۔ سی سی ڈی کے زخمی اہلکاروں کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کوٹ ادو کے علاقے پہاڑ پور میں دو خاندانوں کے درمیان کئی سال سے دشمنی جاری ہے جس میں اقرار عرف اقراری گینگ کے جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے کے لیے سی سی ڈی کی تین اضلاع کی بھاری نفری نے اقرار عرف اقراری گینگ کا گھیرائو کر لیا تو انہوں نے پولیس مقابلہ شروع کر دیا جس پر سی سی ڈی اہلکار پسپائی پر مجبور ہو گئے اور ملزمان کی فائرنگ سے سی سی ڈی کے مقامی انچارج نواز لُنڈ سمیت 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔اطلاع پرریجنل آفیسر ڈیرہ غازیخان یوسف ہارون اور ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی سعادت علی چوہان بھی موقع پر پہنچ گئے،قبل ازیں کوٹ ادو کی سی سی ڈی پولیس ٹیم نے اشتہاری و خطرناک ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے ضلع لیہ کے علاقہ پہاڑ پور میں چھاپہ مارا جہاں پہلے سے گھات لگائے ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سرکل آفیسر کوٹ ادو انسپکٹر نواز لُنڈکو تین فائر لگے جبکہ شاہد گاڈی کانسٹیبل، عمران چانڈیہ کانسٹیبل اور عامر گرمانی کانسٹیبل بھی فائر لگنے سے زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انسپکٹر نواز لُنڈ ا ور شاہد گاڈی کانسٹیبل کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا جبکہ دیگر زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی گئی، ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی سعادت علی چوہان کے مطابق سی سی ڈی پولیس کو اشتہاری ملزمان اقرار عرف اقراری بولا اور جاوید آربی کی پہاڑ پور میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر کارروائی کی گئی تاہم ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان یوسف ہارون اور ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی سعادت علی چوہان نے ہسپتال پہنچ کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کے بلند حوصلوں کو سراہتے ہوئے شاباش دی جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن اور تعاقب جاری ہے اور ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔







