راولپنڈی: پی ٹی آئی کی بانی رہنما علیمہ خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی آج بھی حق پر ثابت قدم ہیں اور کوئی بھی ان کو نقصان پہنچانے کی ہمت نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اللہ کی حفاظت میں ہیں اور ہر دباؤ کے باوجود مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر بلند دعوے اور نعرے لگانے والے دراصل بزدل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ میں بشریٰ بی بی سے صرف 40 منٹ اور بانی چیئرمین سے محض ایک گھنٹے کی ملاقات کرائی گئی۔ ہم واٹر کینن کے سامنے بھی ڈٹ کر کھڑے رہے، میری بہنوں کو گرنے کے باعث چوٹیں بھی آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ بانی چیئرمین کے خلاف بات کر رہے ہیں، سب کے نام اور ٹھکانے معلوم ہیں۔ وہ محض خوف سے بول رہے ہیں، ان کے پاس بچ نکلنے کا کوئی راستہ نہیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ رات ڈھائی بجے، سخت سردی میں ہم پر تین مرتبہ پانی پھینک کر حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ کچھ لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ خواتین رات دیر تک جیل کے باہر کیوں تھیں، ہم وہاں اپنے آئینی حق کے لیے موجود تھے۔ چند مخصوص لوگوں کی اجارہ داری ہے جو معدنیات، چینی اور گندم کے سودوں پر قابض ہیں جبکہ عوام کو غلام بنا رکھا ہے۔ بانی چیئرمین کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ ایک اینکر ٹی وی پر بیٹھ کر کہہ رہا تھا کہ مجھے پانچ سال سزا ملے گی، جبکہ آئین مجھے آزادی اظہار رائے کا حق دیتا ہے۔ اگر ہم پر گولیاں چلائی گئیں تو ہم شہید ہوں گے، پیچھے ہٹنے والے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ خود ملک کے ساتھ بے وفائی کر رہے ہیں وہ ہمیں غدار کہتے ہیں، یہ الزام ہمارے لیے اعزاز ہے۔ بانی چیئرمین ہی کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی عزت بلند ہے۔







