وفاق میں بیٹھے کرپٹ ٹولے نے 5300 ارب روپے کی تاریخی کرپشن کی ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے یونیورسٹی آف پشاور کے شعبۂ معاشیات کا غیر رسمی اور اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ سے براہِ راست گفتگو کی اور جامعہ کی انتظامی و مالی صورتحال پر اہم نکات اٹھائے۔
وزیراعلیٰ نے وائس چانسلر کو ہدایت دی کہ یونیورسٹی کی مالی خود انحصاری کے لیے ٹھوس اور قابلِ عمل تجاویز تیار کی جائیں تاکہ ادارہ اپنے وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کر سکے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی بدحالی کی ذمہ دار وہ کرپٹ ٹولہ ہے جس نے برسوں تک قومی وسائل کو لوٹا اور معیشت کو تباہی کی طرف دھکیل دیا۔ ان کے مطابق وفاق میں موجود عناصر نے 5300 ارب روپے کی تاریخی کرپشن کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ این ایچ پی کی مد میں وفاق پر خیبر پختونخوا کے 2200 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں جبکہ ضم شدہ اضلاع کے لیے این ایف سی شیئر میں 1375 ارب روپے کے بقایا جات بھی تاحال ادا نہیں کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ واٹر چارجز کی مد میں بھی خطیر رقوم کی ادائیگی باقی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی ہاسٹلز کے طلبہ کو کم نرخوں پر کھانا فراہم کرنے کے لیے تجاویز طلب کر لی ہیں۔
اس موقع پر سہیل آفریدی نے اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کی کمپیوٹر لیب کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا جبکہ شعبۂ معاشیات، سیاسیات اور آئی ایم اسٹڈیز کی سولرائزیشن کے لیے 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں