کچے کے علاقے میں پولیس رٹ مفلوج، سرعام بھتہ طلب، فصل نذر آتش کرنے کی دھمکیاں

جام پور(تحصیل رپورٹر،نمائندہ خصوصی) راجن پور کے کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی دیدہ دلیری میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے سب کو ہلا کر رکھ دیا جس میں ڈاکوؤں کو زمینداروں سے بھتہ طلب کرتے اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں تیار گنے کی فصل کو آگ لگانے کی دھمکیاں دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ڈاکو سرعام ہتھیاروں کے ساتھ زمینداروں کو دھمکاتے دکھائی دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر بھتہ ادا نہ کیا گیا تو ہزاروں روپے مالیت کی تیار فصل کو جلا دیا جائے گا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس طرح کی کارروائیاں پہلے بھی ہو چکی ہیںمگر اکثر متاثرین خوف کے باعث خاموش رہتے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقوں میں پولیس اور انتظامیہ کی رٹ تقریباً ختم ہو چکی ہے اور ڈاکو کھلے عام زمینداروں اور کاشتکاروں سے بھتہ وصول کر رہے ہیں۔ عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور علاقے میں امن و امان بحال کیا جائے۔یہ صورتحال نہ صرف قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے بلکہ کچہ ملحقہ عام لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ادھر پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے انہوں نے ڈاکوؤں سے نمٹنے کیلئے تمام تر حفاظتی اقدامات کردئیے ہیں علاقہ میں امن و امان قائم کیا جائے گا۔دوسری جانب ڈی پی او راجن پور محمد عمران نے کچہ کے علاقہ میں قائم پولیس پکٹس پتن چانڈیہ، پتن سمار اور پتن سماری کا وزٹ کیا ۔پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔پکٹس پر موجود جوانوں میں فروٹ اور مٹھائی تقسیم کی۔پولیس کے جوانوں کو ایسے دشوار علاقوں میں دستیاب بنیادی سہولیات و رہائش کے انتظام کا بھی جائزہ لیا ۔کچہ کے علاقہ میں فرنٹ لائن پر ڈیوٹی سر انجام دینے والے پولیس کے بہادر جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔

ڈی پی اوراجن پورپولیس مورچےمیں صورتحال کاجائزہ لیتےہوئے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں