اڈیالہ کا قیدی الطاف حسین پارٹ ٹو بن چکا ہے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں موجود سابق وزیراعظم اب ’’الطاف حسین پارٹ ٹو‘‘ کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی یا گورنر راج کے حق میں نہیں، تاہم اگر صورتحال مزید بگڑی تو یہ اقدامات زیر غور آ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی پولیس کو دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی فراہم کی گئی ہے مگر ملک دشمنی کو محض “تلخی” قرار دے کر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب ریاستی اداروں کے سربراہان پر نشانہ بنایا جائے اور شہدا کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی جائے تو یہ سیاسی اختلاف نہیں بلکہ کھلی ملک دشمنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی نے سیاسی ڈائیلاگ سے ہاتھ کھینچ لیا ہے تو حکومت بھی اب ان سے بات چیت کو بامعنی نہیں سمجھتی، کیونکہ وہ اب ایک سنگین خطرہ بن چکے ہیں اور الطاف حسین کی طرز پر کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اپنے رہنما ان کی پالیسیوں سے تنگ ہیں اور اعتراف کرتے ہیں کہ پارٹی کا سب سے بڑا چیلنج اب اس کا اپنا سوشل میڈیا ہے۔ بعض رہنماؤں کے مطابق قیادت خود اپنی پارٹی کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے جبکہ ایک یوٹیوبر روزانہ ’’بڑی خبر‘‘ کی پیشگوئیاں کرتا رہتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ “لاعلاج دماغی و جسمانی مسائل کا علاج بھی ہمیں آتا ہے، مگر سیاسی شدت پسندی کو ہوا دینا ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔”

شیئر کریں

:مزید خبریں