وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اہم پیغام جاری کیا اور کہا کہ بدعنوانی محض ایک جرم نہیں بلکہ معاشرتی ناانصافی، معاشی نقصان اور سماجی ظلم کا سبب بھی ہے۔
مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی روز اول سے ہی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے، اور اس کے نتیجے میں معاشرے میں پائی جانے والی بدامنی، عدم اعتماد اور مایوسی کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی امور میں شفافیت، کرپشن کے خاتمے اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری کی حکمت عملی سے پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت امیج سامنے آیا ہے۔ کے پی آئیز سسٹم (Key Performance Indicators) کی تعمیل نے حکومتی افسران کی کارکردگی کو مزید بہتر اور مستعد بنایا، جس کے اثرات عوامی خدمت کے معیار میں نمایاں نظر آئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ کرپشن محض اخلاقی زوال نہیں بلکہ قوم کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑا رکاوٹ ہے۔ کرپشن نہ صرف قومی وسائل کو ضائع کرتی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی کمزور کرتی ہے، جس سے ملکی ترقی اور خوشحالی متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے ہر سطح پر ایمانداری، نیک نیتی اور شفاف اقدامات کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اور مؤثر اقدامات اٹھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ عوامی وسائل محفوظ رہیں اور ہر شہری تک شفاف اور بروقت خدمات پہنچ سکیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کے اعتماد کو بحال کرنے اور ملک میں عدل و انصاف کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، اور انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر یہ یاد دہانی کرنا ضروری ہے کہ یہ جدوجہد صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔







